بشریٰ بی بی عمران خان کی بیوی سے پہلے کون ہیں؟ شہباز گِل کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا

اسلام آباد (پی این آئی) معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی عمران خان کی بیوی سے پہلے قوم کی بیٹی اور ایک ماں ہیں، خاتون اول کو باربار تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، سوچیں! جب خاتون اول پر بات کی جاتی ہے تو ان کے بچے کیا محسوس کرتے ہوں گے؟ عمران خان سے کوئی اختلاف ہے تو اُن پر تنقید کریں۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 3 سے 4 ماہ سے لگا تار ایک مہم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اخلاقی گراوٹ کے معاملے پر بات کرنا بہت ضروری ہے، خاتون اول پر بار بار حملہ کیا جاتا ہے، محترمہ کلثوم نواز کی ذات پر کبھی کوئی بات نہیں کی گئی، عمران خان اچھے یا برے لگتے ہیں آپ سیاست کریں، خاتون اول کو باربار تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، خاتون اول عمران خان کی بیوی ہونے سے پہلے اس قوم کی بیٹی اور ایک ماں ہیں، جب ان پربات کی جاتی ہے تو سوچیں ان کے بچے کیا محسوس کرتے ہوں گے۔ معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ چند ماہ سے حکومت کیخلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ عمران خان کے ساتھ کوئی اختلاف ہے تو تنقید کریں، عمران خان کسی کو مٹھائی کے ڈبے دے کر وزیراعظم نہیں بنے، عمران خان محنت کرکے عوام کے ووٹ سے وزیراعظم بنے ہیں۔ معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ مانتے ہیں مہنگائی ہے اور عوام مہنگائی سے تنگ بھی ہے، ہم مانتے ہیں کہ کوئی دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں،مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے عوام تکلیف میں ہیں، صرف پاکستان میں نہیں پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، چند ماہ دنیا میں مزید مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close