الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات ، اعظم سواتی 26 اکتوبر کو ذاتی طور پر طلب، عدم پیشی پر شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد(آئی این پی ) الیکشن کمیشن نے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کو چیف الیکشن کمشنر پر الزامات سے متعلق کیس میں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے دو رکنی بنچ نے وزیر ریلوے اعظم سواتی کے چیف الیکشن کمشنر پر الزامات سے متعلق کیس پر سماعت کی، سماعت کے دوران اعظم سواتی پیش نہ ہوئے، الیکشن کمیشن نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ نے نوٹس پڑھا ہے؟

اعظم سواتی کے جونیئر وکیل نے کہا کہ سینیئر وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، وہ جواب دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ 26 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔ یاد رہے 10 ستمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکٹرنک ووٹنگ مشین کے معاملے پر اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔ جس کے بعد فواد چوہدری نے اعظم خان سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر پر نواز شریف سے وابستگی کا الزام لگاتے ہوئے انہیں سیاست میں آنے کا مشورہ دیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close