وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد مطلوبہ ووٹوں کیساتھ پیش کر دی گئی لیکن اچانک4اراکین اسمبلی کہاں گئے ؟

کوئٹہ (پی این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف 33 ارکان کی حمایت یافتہ تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے۔ اسمبلی کے اجلاس سے چار ناراض ارکان غیر حاضر ہیں۔ سپیکر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔ تحریک عدم اعتماد کو 33 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ تحریک سردار عبدالرحمان کھیتران نے جمع کرائی۔

سپیکر اسمبلی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک کو مطلوبہ ارکان کی حمایت مل چکی ہے۔ سپیکر کی رولنگ پر حکومت کے ناراض اور اپوزیشن کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔اسمبلی کے اجلاس کے دوران چار اراکین اسمبلی غیر حاضر رہے جن کو ناراض ارکان نے لاپتہ قرار دے دیا۔ سردار عبدالرحمان کھیتران نے الزام عائد کیا کہ ان کے ارکان کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا گیا ہے۔ ان کے لاپتہ ارکان کو ایوان میں لایا جائے۔ غیر حاضر ارکان میں بشریٰ رند، ماہ جبیں شیران، اکبر آسکانی اور لیلیٰ ترین شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close