برف پگھلنے لگی؟ وائٹ ہاؤس نے طویل عرصے بعد پاکستان کے لیے سفیر نامزد کر دیا

واشنگٹن (پی این آئی) امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں یوں لگتا ہے کہ برف پگھلنے لگی ہے۔امریکہ کےصدر جو بائیڈن نے ڈونلڈ آرمن بلوم کو پاکستان کے لیے سفیر نامزد کر دیاہے۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ڈونلڈ بلوم 2019 سے تیونس میں امریکہ کے سفیر ہیں اوراس سے پہلے کابل کے سفارت خانے میں قونصلر برائے سیاسی امور کے طور پر بھی کام کرنے کے علاوہ لیبیا میں بھی امریکہ کے ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔نئے سفیر وہ عربی بھی بول سکتے ہیں۔

وہ یروشلم میں امریکی قونصلر جنرل رہنے کے ساتھ ساتھ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں عرب ممالک کے حوالے سے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ماضی میں وہ عراق کے درالحکومت بغداد میں ملٹی نیشل فورس سیل کے سیاسی قونصلر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی ڈونلڈ بلوم کو صرف نامزد کیا گیا ہے اور ان کی حتمی تعیناتی کے لیے امریکی سینیٹ سے توثیق کا مرحلہ باقی ہے۔یہ بات بہت اہم ہے کہ طویل عرصہ سے پاکستان میں امریکہ کا سفیر موجود نہیں تھا اور امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر ہی پاکستان میں امریکہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں