لندن (نیشنل ٹائمز) پاکستانی نیوز چینل اے آر وائی نیوز نے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے جھوٹے الزامات پر معافی مانگ لی۔اے آر وائی نیوز نے یہ معافی لندن کی عدالت کے فیصلے کے بعد مانگی ہے جو اے آر وائی کے نیو ویژن ٹیلی ویژن پر نشر کی گئی ہے۔چینل کی جانب سے “اسحاق ڈار سے معذرت” کے عنوان سے معافی نشر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے ” نیو ویژن ٹیلی ویژن پر 8 جولائی 2019 کو دی رپورٹرز پروگرام نشر ہوا۔
جس میں چوہدری غلام حسین اور صابر شاکر نے دعویٰ کیا کہ اسحاق ڈار نے حکومت پاکستان کا پیسہ چرایا اور پاکستان واپس آنے کی اجازت پر چرائی ہوئی رقم واپس کرنے پر آمادہ تھے۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگالیا گیا ہے جن میں چرائے گئے لگ بھگ ایک ارب ڈالر موجود ہیں، پروگرام میں مزید تبصرے کیے گئے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اسحاق ڈار نے کسی فرد کو موت کی دھمکیاں دلوائیں تاکہ وہ فرد پاکستان سے باہر چلا جائے۔”اے آر وائی کے بیان میں معذرت کرتے ہوئے کہا گیا ” ہم اسحاق ڈار کا موقف تسلیم کرنے پر تیار ہیں، اول یہ کہ انہوں نے حکومت پاکستان کا کوئی پیسہ نہیں چرایا، دوئم یہ کہ اسحاق ڈار کے کسی بینک اکاؤنٹ کا سراغ نہیں ملا، نتیجتاً پیسے چرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
سوئم یہ کہ اسحاق ڈار کی جانب سے پاکستان واپسی کی اجازت ملنے کی شرط پر پیسہ واپس کرنے کا دعویٰ جھوٹا اور من گھڑت ہے اور چہارم یہ کہ اسحاق ڈار نے کسی فرد کو موت کی دھمکیاں نہیں دیں۔”اے آروائی کے معافی نامے میں ارشد شریف کے پروگرام پاور پلے پر بھی معافی مانگی گئی ہے۔ یہ پروگرام 8 اگست 2019 کو نشر ہوا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اسحاق ڈار مسلم لیگ ن کے دور میں فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ذمہ دار تھے لیکن انہوں نے اس ادارے کو کام نہیں کرنے دیا۔اے آر وائی انتظامیہ نے موقف اپنایا کہ “پروگرامز میں نشر کیے گئے مواد کی وجہ سے ہونے والی تکلیف، پریشانی اور شرمندگی پر ہم اسحاق ڈار سے غیر مشروط طور پر معذرت خواہ ہیں، ہم اسحاق ڈار کی بدنامی پر مناسب ہرجانے کی ادائیگی اور قانونی اخراجات برداشت کرنے کیلئے تیار ہیں۔
“اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار نے اے آر وائی کی معافی مانگنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا “برطانوی ہائی کورٹ میں اسحاق ڈار صاحب کے اے آر وائی گروپ کے خلاف مقدمے میں الحمدللہ تاریخی جیت، برطانیہ میں بھی ثابت ہو گیا کہ نہ ہی کوئی کرپشن کی اور نہ ہی کوئی غیر اعلانیہ اثاثے موجود ہیں، نیوز چینل کی ہر الزام پر غیر مشروط معافی اور ہرجانے کی ادائیگی پر رضامندی۔ ”
برطانوی ہائی کورٹ میں اسحاق ڈار صاحب کے ARY Group کے خلاف مقدمے میں الحمدللہ تاریخی جیت۔ برطانیہ میں بھی ثابت ہو گیا کہ نہ ہی کوئی کرپشن کی اور نہ ہی کوئی غیر اعلانیہ اثاثے موجود ہیں۔ نیوز چینل کی ہر الزام پر غیر مشروط معافی اور ہرجانے کی ادائیگی پر رضامندی۔ #اسحاق_ڈار_سرخرو pic.twitter.com/8pJ3sMdr2x
— Ali Dar (@alimdar82) October 18, 2021
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں