اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پہلے بھی وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور آج بھی ملاقات ہوئی ہے، سارے معاملات طے ہو چکے ہیں۔پیر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اس کے پاس مر گئے، لُٹ گئے کے سوا کچھ نہیں رہا۔مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی اور سیارے پر نہیں رہ رہے جب دنیا میں تیل کی قیمت اوپر جائے گی تو ہمارے ہاں بھی جائے گی۔
’جو لوگ اس پر سیاسی شعبدہ بازی کرتے ہیں لوگ ان کی باتوں کو مذاق سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔‘انہوں نے مستقبل قریب میں مہنگائی سے چھٹکارہ پانے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بار گنے کی بمپر فصل ہوئی ہے جس سے چینی کی قیمت کم ہو جائے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت صرف سندھ میں زیادہ تھی اور اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ گندم ریلیز نہیں کر رہے تھے۔’آج اس کی جانب سے ریلیز کر دی گئی ہے، اب وہاں بھی قیمت کم ہو جائے گی۔‘فواد چوہدری نے احسن اقبال اور شہباز شریف کا نام لیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف تنقید ہی نہ کریں بلکہ کوئی متبادل یا حل بھی بتائیں۔فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج کا پارلیمنٹ کا اجلاس عید میلاد النبی کی مناسب سے بلایا گیا تھا جہاں اس حوالے سے تقاریر ہونا تھیں مگر اپوزیشن والے اس کا بھی بائیکاٹ کر کے چلے گئے۔’اپوزیشن کی اس وقت حالت یہ ہے کہ اس کو احتجاج کا صرف بہانہ چاہیے۔‘بقول ان کے اپوزیشن والے جمہوری لوگ نہیں بلکہ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں۔’
فوج اور حکومت میں اختلاف پر خوش ہو کر لائن میں لگ جاتے ہیں جب پتہ لگے ایسا نہیں ہو رہا تو مخالف بیان بازی شروع کر دیتے ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ فوج اور حکومت کے اختلاف پر یہ دو دن ہنستے رہے اب ان کی مسکراہٹیں پھر سے ختم ہو رہی ہیں۔ان کے مطابق ’صبح سے لے کر شام تک عمران خان برا بھلا کہنے سے کوئی اقتدار میں تو نہیں آ سکتا۔‘انہوں نے اپوزیشن کو گریبان میں جھانکنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئے ہمارے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بات کرے۔مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان کی سیاست ختم ہو گئی ہے وہ اب دیگر پارٹیوں کے جلسوں کے لیے رینٹ اے کراؤڈ کا کام شروع کر دیں اس سے ان کو فائدہ ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں