کراچی(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تبدیلی نہیں تباہی لے کر آئے ہیں ، عمران خان کی الٹی گنتی شروع ہو گئی، خان صاحب نے ہماری معیشت کی تباہی کا بندوبست کیا ہے،پاکستان میں کل بھی آمریت تھی اور آج یہ کٹھ پتلی نظام میں بھی آمریت ہی ہے لہذا ہمیں اس سے نجات کے لیے تب بھی پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے اور آج بھی پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے،
اتوار کو کراچی میں جلسے سے خطاب کے دوران سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے بم دھماکوں سے نہیں ڈرتے ہم سانحہ کارساز کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نہ دہشت گردوں سے ڈری اور نہ پیپلز پارٹی کے جیالے ڈرے ، دنیا میں آپ کو پیپلز پارٹی کے جیالوں جیسے سیاسی کارکن کی مثال نہیں ملے گی،ان کا کہنا تھاکہ 18اکتوبر کو دنیا کو پتہ چلا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے بم دھماکے سے بھی نہیں ڈرتے بلکہ جب دھماکے ہوتے ہیں
تو ہمارے کارکن اپنی قیادت کی طرف بھاگتے ہیں اور دھماکے سے نہیں بھاگتے،بلاول بھٹو نے کہا کہ قائد عوام اور بے نظیر بھٹو نے ہمیں معیشت چلانے کے لیے غریب دوست پالیسیاں سکھائی تھیں، شہید بے نظیر بھٹو اس ملک کے نوجوانوں کو روزگار دلانے کی امید دلا رہی تھیں اور ملک کے سفید پوش طبقے کو یہ امید دلا رہی تھیں کہ انہیں ان کی محنت کا صلہ ملے گا، پیپلز پارٹی کا بنیادی فلسفہ ہے کہ ہم اس ملک کے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دلوانا چاہتے ہیں اور قائد عوام اور بے نظیر بھٹو نے یہ وعدہ پورا کیا،انہوں نے کہا کہ اگر پہلے مہنگائی تھی تو آج بھی مہنگائی ہے، تب غربت اور بے روزگاری تھی تو آج تاریخی غربت اور بے روزگاری ہے، اگر کل آمریت تھی تو آج یہ کٹھ پتلی نظام میں آمریت ہی ہے،
ہمیں تب بھی پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے اور آج بھی پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو اپنا وعدہ پورا کرتی ہے، وہ واحد جماعت ہے جو عوام دوست معیشت، منصوبہ بندی اور سیاست پر یقین رکھتی ہے،انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، اس شہر کراچی سے نجانے کتنے وعدے کیے تھے لیکن ہر وعدہ جھوٹا اور دھوکا نکلا، ہر بات پر یوٹرن لیا گیا، آج کراچی کے عوام عمران خان سے پوچھ رہے ہیں کہ وہ ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں، 50 لاکھ گھر کہاں گئیں، آپ قبضے کے نام پر غریب سے چھت چھین رہے ہو اور جن کے پاس روزگار تھا ان سے آپ روزگار چھینا ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ جب مہنگائی بڑھتی ہے تو اس کا یہ مطلب ہے کہ وزیراعظم چور ہے،
جتنی مہنگائی اس وقت اتنی پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں رہی تو عمران خان کے بقول جتنا چور اس وقت ہمارا کٹھ پتلی وزیراعظم ہے اتنا بڑا پاکستان کی تاریخ میں کوئی وزیراعظم چور نہیں رہا،ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بجلی، گیس، پیٹرول بے انتہا مہنگا ہے، یہ ہے خان صاحب کا نیا پاکستان، یہ عمران خان کی تبدیلی نہیں تباہی ہے، خان صاحب نے ہماری معیشت کی تباہی کا بندوبست کیا ہے،انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری آپ کی پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے دن بدن بڑھتی جا رہی ہے جس سے زندگی جینا مشکل ہو گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں