ہم آئینی مدت پوری کریں گے اور اگلی باری پھر ہماری ہے، شاہ محمود قریشی کا دعویٰ

ملتان (پی این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی، لولی لنگڑی اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، آئینی مدت پوری کریں گے ،اگلی باری پھر ہماری ہے، رحمت اللعالمین ؐکے درس انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے،صبر و تحمل ،برداشت ،رواداری اور احترام انسانیت اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سیرت النبی ؐکانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں ،معاون خصوصی جاوید اختر انصاری،چیف وہپ ملک عامر ڈوگر،اراکین اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ ،سی پی او منیر مسعود مارتھ،ایم پی اے ظہیر الدین علیزئی،سلیم لابر سمیت اراکین اسمبلی نے شرکت کی ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ نبی کریم ؐ کی اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے، رحمت اللعالمین ؐکے درس انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ شاہ محمود نے کہاکہ صبر و تحمل ،برداشت ،رواداری اور احترام انسانیت اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تمام اداروں سے مثالی تعلقات ہیں، حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کیلئے صرف صبر کی دعا کر سکتا ہوں ، حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی، لولی لنگڑی اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آئینی مدت پوری کریں گے ،اگلی باری پھر ہماری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کورونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا ئے۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی موجودہ حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مہنگائی کی وجوہات اس کے اندرونی اور بیرونی عوامل اور ان سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی طے کی جارہی ہے ، ہماری اقتصادی ٹیم ہوم ورک کررہی ہے جس کے انشاء اللہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ معاشرے کے محروم طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ خطے میں اور بلخصوص افغانستان میں امن کی خواہش رکھتے ہیں ، ہم نے خطے میں امن کیلئے بھاری قربانی دی ہے، ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے ، کچھ قوتیں افغانستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں ۔ڈاکٹر اختر ملک نے کہاکہ آقائے دو جہاں کے رہنما اصول امانت اور صداقت ہمارے لئے مشعل راہ اور راہ نجات ہیں۔وزیر توانائی نے کہاکہ رسول اکرم ؐکی ذات اقدس حق کا پیغام ہے جس کی روشنی میں ہم آگے بڑھیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ اور ان کی تعلیمات پورے معاشرے کے لئے عملی نمونہ ہیں۔ عامر کریم خان نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے رحمت اللعالمینؐ اتھارٹی کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے۔سیرتِ النبی کانفرنس میں درودوسلام کا نذرانہ اور ملک وقوم کیلئے دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close