اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں

ملتان ( آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔ہفتہ کے روز ملتان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تمام اداروں سے مثالی تعلقات ہیں اور حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کے لیے صرف صبر کی دعا کر سکتا ہوں جبکہ حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور حکومت آئینی مدت پوری کرے گی جبکہ اگلی باری پھر ہماری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے جبکہ مہنگائی موجودہ حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

معاشرے کے محروم طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے خطے میں امن کے لیے بھاری قربانی دی ہے اور خواہش ہے کہ افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے تاہم کچھ قوتیں افغانستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close