پیٹرول کی قیمت 300 روپے اور ڈالر 250 روپے تک جائے گا، تہلکہ خیز پیشنگوئی

کراچی (پی این آئی) پٹرول کی قیمت 300 روپے اور ڈالر 250 روپے تک جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کی گئی ہے۔ سعید غنی کا کہنا ہے کہ یہ اس قدر نالائق حکومت ہے کہ اس نے ایک مہینے میں 3 مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جبکہ 2 مرتبہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔

یہ ایسی منحوس حکومت ہے جس میں غریب، مڈل کلاس، سرمایہ دار سب ہی مصیبت میں ہیں اور لگتا ہے کہ یہ لوگ پٹرول کو ڈھائی سو سے 300 روپے جبکہ ڈالر کو بھی 250 روپے تک لے کر جائیں گے۔ اس سے قبل وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی نے سوشل میڈیا پر بھی ایک بیان جاری کیا تھا۔ سعید غنی نے لکھا کہ پیٹرول 10.49 روپے مہنگا ہوکر 137.79 فی لیٹر ہوگیا، ڈیزل 12.44 روپے مہنگا 134.48 فی لیٹر ہوگیا، مٹی کا تیل 10.95 روپے مہنگا 110.26 فی لیٹر ہوگیا۔انہوں نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کوئی پوچھے تو کہنا خان آیا تھا، جس کا زریں قول ہے کہ سکون تو قبر میں ملے گا۔ واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 سے12روپے تک کا ہوشربا اضافہ کردیا، عالمی مارکیٹ میں 85 ڈالر فی بیرل تک قیمتیں بڑھ جانے پر اضافہ کیا گیا۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں 9 روپے سے 12روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، حکم نامہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 44پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت134روپے48پیسےمقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں10روپے95پیسے کا اضافہ کے بعد نئی قیمت 110روپے 26پیسے ہوگئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں8روپے84پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت108روپے35 پیسے ہوگئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اکتوبر یعنی آج سے ہو گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close