پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ازخود اضافہ کردیا، اندرون شہر چلنے والی لوکل گاڑیوں کا کرایہ 40 روپے بڑھا دیا گیا، پیرودھائی سے روات تک کا کرایہ 90 روپے کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے کے بعد اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں ازخود اضافہ کردیا ہے، پیرودھائی سے روات تک کا کرایہ 90 روپے لیا جانے لگا، جبکہ اندرون شہر چلنے والی لوکل گاڑیوں کے کرایہ 40 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے تاحال نیا کرایہ نامہ جاری نہیں کیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چھوٹی ٹرانسپورٹ ، لوڈرگاڑیوں نے کرایوں میں فوری اضافہ کردیا، پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 134روپے 48 پیسے پر پہنچنے کے بعد شہروں کے اندرچلنے والی چھوٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10سے 15فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ سامان لانے اورلے جانے والی لوڈ ر گاڑیوں نے بھی اسی تناسب سے کرائے بڑھا دئیے ہیں۔دوسری جانب اضلاع اورصوبوں کے درمیان چلنے والی بڑی ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کے لئے بھی مشاورت شروع کر دی گئی ہے اور مشاورت کر کے کرائے بڑھانے کا عندیہ دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر اشیاء مہنگی ہونے کے باعث مہنگائی نیچے نہیں جائے گی، انہوں نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، اس لیے مہنگائی نیچے نہیں جائے گی، مہنگائی تب نیچے آئے گی جب دنیا میں کورونا کے اثرات کم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والوں کا ہمارے پاس ڈیٹا بیس آگیا ہے، ملک کی40 فیصد آبادی کو آٹا، چینی اور دالوں پر ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 4 سے 5 سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 20 فیصد تک لے کر جائیں گئے، توانائی سیکٹر کے لیے معاہدے ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ایک ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے،آئی ایم ایف کو اعدادوشمار دے دیے ہیں وہ آئندہ دو چار روز میں توثیق کریں گے۔ امریکی نائب معاون وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ غلطیاں دونوں اطراف سے ہوئیں، اب آگے بڑھنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close