ہرنائی (پی این آئی) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ہرنائی میں زلزلے کے جھٹکے شام ساڑھے پانچ بجے کے بعد محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور خیموں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔ ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 3.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ہرنائی میں 7 اکتوبر کو 5.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 32 افراد شدید اور 200 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق زلزلے میں 260 مکانات مکمل تباہ ہوئے جبکہ تین ہزار 720 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ زلزلے سے 32 سکول، پانچ ہسپتال اور پانچ مساجد بھی شہید ہوئیں۔ 7 اکتوبر کے زلزلے کے بعد سے ہرنائی اور گرد و نواح میں آفٹر شاکس کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔ گزشتہ سے پیوستہ رات کو بھی ہرنائی میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں