اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے دفتر سے آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تقرر کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے بدھ کو یعنی 12؍ ربیع الاوّل کے بعد جاری کیا جائے گا۔ انگریزی اخبار دی نیوز میں شائع ہونے والی سینئر صحافی انصار عباسی کی خصوصی رپورٹ کے مطابق ایک باخبر ذریعے نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید جلد پشاور کور سنبھال لیں گے جیسا کہ آئی ایس پی آر اعلان کر چکا ہے۔
ذریعے نے دعویٰ کیا کہ معاملہ حل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی کے عہدے پر تقرر اور اس کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے آ جائے گا اور یہ بدھ کو ہوگا۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کیلئے انٹرویوز اب شاید نہیں ہوں گے۔ اس نمائندے نے ایک اور متعلقہ ذریعے سے رابطہ کیا اور انہوں نے بھی یہی کہا کہ معاملہ حل ہو چکا ہے۔ تاہم اس ذریعے کو اُس دن کا علم نہیں تھا جس دن نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تقرری کے حوالے سے جس سمری پر طویل بحث ہو رہی تھی وہ جمعہ کی دوپہر تک وزیراعظم آفس کو نہیں بھیجی گئی تھی۔توقع ہے کہ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی لگا دیا جائے گا ۔ انصار عباسی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ذرائع کے مطابق موجودہ ڈی جی نے وزیراعظم کو سبکدوش ہونے کے حوالے سے اپنی خواہش سے آگاہ کر دیا تھا تاکہ وہ اپنی نئی ذمہ داری سنبھال سکیں کیونکہ یہ ذمہ داری اس قدر اہم ہے کہ آئندہ سال نومبر میں انہیں آرمی چیف کے عہدے کیلئے مقرر کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں