اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی حکومت نے ملک میں نئے گیس کنکشن پر پابندی لگا دی ۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہاہے کہ ملک بھر میں نئے گیس کنکشن پر پابندی لگا رہے ہیں، ماضی کے مہنگے سودوں کی وجہ سے ٹیرف بڑھانا پڑرہا ہے، بجلی کا ٹیرف 1روپے 39پیسے بڑھا رہے ہیں،200یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نیا ٹیرف لاگو نہیں ہوگا،ماضی میں بجلی کے مہنگے معاہدے کئے گئے، گردشی قرضوں کا بوجھ عوام اور حکومت برداشت کر رہے ہیں۔
جمعہ کووزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ برائے توانائی حماد اظہر نے کہا کہ حکومت اور عوام ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ماضی میں بجلی کے مہنگے معاہدے کئے گئے، گردشی قرضوں کا بوجھ عوام اور حکومت برداشت کر رہے ہیں، بجلی گھروں کے کرایوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ہم نے بجلی گھروں کا کرایہ دینا ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ ملک کے گردشی قرضوں کا بوجھ عوام اٹھا رہی ہے،
یہ گردشی قرضے بجلی گھروں کی کپیسٹی پیمنٹس کی وجہ سے ہے، 2013میں 185ارب کیپسٹی پیمنٹس تھی جو اب 700، 800ارب ہوچکی ہے،اور ان گردشی قرضوں میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ 2030تک 2500سے 3000تک چلے جائیں گے، 6ہزار سے 10ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوتا جائے گا، اور مہنگی بجلی لگانے کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں ماضی کے مہنگے سودوں کی وجہ سے ٹیرف بڑھانا پڑرہا ہے، بجلی کا ٹیرف 1روپے 39پیسے بڑھا رہے ہیں، نیپرا کو ٹیرف بڑھانے کی تجویز دی ہے، 200یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نیا ٹیرف لاگو نہیں ہوگا، انڈسڑی پر اس کا اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
حماد اظہر نے کہا کہ یہ تمام پراجیکٹ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں لگائے گئے ہیں، تحریک انصاف نے بجلی کا کوئی معاہدہ نہیں کیا، ہم نے بجلی کی کھپت بڑھانے کے لئے صنعتی پیکج متعارف کروایا، اس سال موسم سرما کے لئے سیزنل ٹیرف متعارف کروایا ہے، ریکوری اور لاسز میں تین سال میں بہتری آئی ہے، سرکلر ڈیٹ بڑھنے کی شرح 150 ارب ہر آگئی ہے، ملک بھر میں نئے گیس کنکشن پر پابندی لگا رہے ہیں، اب کسی وزیر یا سیکرٹری کے آفس میں بیٹھ کر بجلی گھر لگانے کا فیصلہ نہیں ہوگا،سی سی آئی سے طویل مدتی معاہدہ منظور کرلیا ہے۔(رڈ)
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں