اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ آئے ہیں اور انہی کے ساتھ واپس جائیں گے، ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کے معاملے پر سب کچھ طے ہوچکا ہے ، پیر تک اعلان ہوجائے گا، اس معاملے پر دونوں سائیڈز مطمئن ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج جمعہ ہے اور اگلے جمعے تک سب ٹھیک ہو جائے گا۔
معاملات طے ہوچکے ہیں، طریقہ کار کا اعلان سات دن میں ہوجائے گا، ہوسکتا ہے کہ کل اعلان ہوجائے یا پیر کو ہوجائے، میرے پاس جو اطلاعات ہیں ان کے مطابق سب ٹھیک ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ آیا ہوں، اسی کے ساتھ گھر جاؤں گا، میری زندگی میں ایسے لاتعداد معاملات آئے ہیں، بعض باتوں کا جواب عمران خان ہی دے سکتے ہیں، کیا کرنا ہے یہ فیصلہ عمران خان کا ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی باجوہ صاحب سے ملاقات ہوئی اور معاملات طے ہوگئے ہیں، دونوں سائیڈز مطمئن ہیں، سب حالات ٹھیک ہیں۔نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے نام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ “میں اتنا بھولا نہیں کہ آپ کی خبر بنانے کیلئے کہہ دوں۔
مجھے پتہ ہے کہ کیا ہونا ہے لیکن یہ عمران خان صاحب کا فیصلہ ہے کہ کیا ہونا ہے، میں دونوں سائیڈوں سے مطمئن ہوں اور آپ کو یہ کہتا ہوں کہ سب ٹھیک ہوجائے گا۔”انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں جنرل فیض کا نام نہیں لیا گیا، پہلی بار دیکھا ہے کہ کابینہ کی خبریں میڈیا میں آ رہی ہیں، کسی کے نام کا ذکر نہیں ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں