پاک ، جرمن ثقافتی تعلقات ،سفارتی تعلقات کے قیام سے بہت پہلے نمو پا چکے تھے

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پبلک ڈپلومیسی کی اہمیت ، ثقافتی تبادلے اور لوگوں کے درمیان روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات، سفارتی تعلقات کے قیام سے بہت پہلے نمو پا چکے تھے،

ہمارے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے100سال پہلے ہیڈلبرگ اور میونخ میں تعلیم حاصل کی، انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کوپاکستان اور جرمنی کے سفارتی تعلقات کے ستر سال کی تکمیل پر وزارت خارجہ میں ‘پاک جرمن دوستی’ کے عنوان سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں پا کستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک، جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل، وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران،پارلیمینٹرینز، سفرا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی ، تقریب میں پاکستان اور جرمنی کے قومی ترانے پڑھے گئے، مختلف سکولوں کے طلبا نے ثقافتی حوالے سے موسیقی پروگرام پیش کیے جنہیں حاضرین نے بہت سراہا،

دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی علامت کے طور پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک نے مشترکہ طور پر سولر پینلز کا افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پبلک ڈپلومیسی کی اہمیت ، ثقافتی تبادلے اور لوگوں کے درمیان روابط کا فروغ ضروری ہے ، انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام سے بہت پہلے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات سفارتی تعلقات کے قیام سے بہت پہلے نمو پا چکے تھے،

ہمارے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے100سال پہلے ہیڈلبرگ اور میونخ میں تعلیم حاصل کی،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستان میں تعینات جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک اور جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور گذشتہ 7دہائیوں میں پاکستان اور جرمنی کے مابین بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے نمایاں پہلوں کو اجاگر کیا ، واضح رہے کہ وزارت خارجہ نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کو پرجوش انداز میں منانے کے لیے متعدد سرگرمیوں کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے۔اس حوالے سے حکومت پاکستان حضرت علامہ اقبال اور جرمن فلسفی گوئٹے کی تصاویر کے ساتھ ایک یادگاری سکے کے اجرابھی کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close