لاہور(پی این آئی) لاہور کی مقامی عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کیس میں گرفتار ٹک ٹاکر ریمبو سمیت دیگر ملزمان کے ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کردی۔پولیس نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ریمبو سمیت 11 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جہاں ملزمان کے وکلا ء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی ملزمان کے وکلا ء نے کہا کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا وہ خاتون کو بچا رہے تھے، عائشہ اکرم کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
جس میں وہ رقم کا مطالبہ کر رہی ہے۔وکلا ء نے کہا کہ ملزمان سے ملنے بھی نہیں دیا جارہا ہے، کیا ملزمان بھارتی جاسوس کلبھوشن ہیں۔سرکاری وکیل نے کہا کہ ابھی ملزمان سے تفتیش جاری ہے، صرف چار روز کا ریمانڈ ہوا ہے اور مزید تحقیقات ہونا باقی ہیں۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد تمام ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کرتے ہویء آئندہ سماعت پر پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کرلی۔علاوہ ازیں عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزمان اپنے ورثا ء کو کمرہ عدالت کے باہر دیکھ کر رو پڑے، ریمبو کے ساتھی ملزمان کے رشتہ داروں نے کمرہ عدالت کے باہر ٹک ٹاکر عائشہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہمارے بچے بے قصور ہیں۔ملزمان کے رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے انصاف دو کے نعرے لگائے جس کے بعد کمرہ عدالت بند کردیا گیا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں