خصوصی افراد کے لئے مرکزی دھارے کے تعلیمی اداروں اور ہنر مندی کے پروگراموں کے ذریعے ان کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا جائے

کراچی(آئی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معاشرے میں خصوصی افراد کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی دھارے تعلیمی اداروں اور ہنر مندی کے پروگراموں کے ذریعے ان کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا جائے، مخیر حضرات معاشرے سے غربت کے خاتمے کے لیے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔

وہ منگل کو کراچی میں الشفا ٹرسٹ ، سپیشل سکول اور بحالی مرکز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں معذور افراد کی جسمانی رسائی کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، ہائر ایجوکیشن کمیشن پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ مختلف معذور افراد سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

صدر نے خصوصی افراد کی مناسب دیکھ بھال کی ضرورت پر زور دیا اور مخیر حضرات سے کہا کہ وہ معاشرے سے غربت کے خاتمے کے لیے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی حضرت محمدؐنے انسان دوستی اور معاشرتی احیا پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت خصوصی افراد کو ماہانہ 2000 روپے فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کوویڈ 19 کے دوران احساس پروگرام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے وبا ء کے بحران کے دوران مؤثر طریقے سے حالات کا مقابلہ کیا ہے اور دنیا نے اس حوالے سے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت اور بیگم ثمینہ علوی کا شکریہ ادا کیا اور معاشرے پر زور دیا کہ وہ فنڈ ریزنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ خصوصی مقصد کے لیے تعاون کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ الشفا پی آئی اے کے فلیگ شپ سی ایس آر کا حصہ تھا جو 1967 میں سول ایوی ایشن کے تعاون سے سوشل ویلفیئر ایجنسی کے طور پر شروع ہوا اور 1981 میں الشفا ٹرسٹ میں تبدیل ہو گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اپنے کارپوریٹ کردار کے علاوہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داریاں بھی پوری کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر الشفا ٹرسٹ کے خصوصی بچوں نے ایک خوبصورت ٹیبلو پیش کیا جسے صدر عارف علوی اور بیگم ثمینہ علوی نے بہت سراہا۔ تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں ، ممبران صوبائی اسمبلی اور معززین نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close