نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیر اعظم کی اتھارٹی ،قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائیگا

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیر اعظم کی اتھارٹی ، تقرری کیلئے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائیگا، وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان طویل ملاقات ہوئی، دونوںکے آپس میں قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں،سول اور ملٹری کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں، وزیر اعظم آفس کبھی بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج یا پاکستان کے سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو،

کابینہ نے رحمت اللعالمین ؐاتھارٹی کے قیام کی منظوری دی ہے،محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ میں 15سے زائد وزراء شریک تھے، ہمارے وزراء میں یہ چیز نہیں ہے کہ ہر جگہ پر اپنی تصاویر بنوائیں،18اداروں کی آسامیاں ختم کی جارہی ہیں، مختلف اداروں میں 80سے زائد اعلیٰ سطح تعینا تیاں میرٹ پر کی گئی ہیں،اسلام آباد پولیس میں ہجوم سے نمٹنے کیلئے ایک نیا یونٹ قائم کیا جائیگا، افغانستان سے آنے والوں کیلئے ویزہ فیس ختم کردی گئی ہے، افغان تاجروں کو پاکستان بزنس ویزہ کی فہرست میں شامل کرنے اورسی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کو آن لائن ویزہ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے رحمت اللعالمین ؐاتھارٹی کے قیام کی منظوری دی ہے،رحمت اللعالمین ؐاتھارٹی بچوں کیلئے تعلیمی نصاب کے حوالے سے کام کریگی،نبی کریمؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے،اتھارٹی نوجوانوں میں پیغمبر اسلام کے اسوہ حسنہ اور عمل کو اجاگر کریگی، دنیا میں اسلام کا اصل تشخص اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کرے گی اور بڑھتے ہوئے اخلاقی جرائم میں کمی کے لیے اعتدال اور میانہ روی کے رجحان کو بڑھانے کے لیے کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں لوگ نبی اکرمؐسے دیوانہ وار محبت کرتے ہیں ، حضرت محمد ؐ رحمت اللعالمین ہیں ، رحمت اللعالمین اتھارٹی کو قائم کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم سیرت النبیؐسے سبق سیکھیں اور اس کو اپنی عمومی زندگی میں لانے کی کوشش کریں۔ یہ کوئی عام اتھارٹی نہیں ہو گی بلکہ اس میں دنیا اور پاکستان کے صف اول کے دانشور شامل ہوں گے،

یہ سوچا سمجھا بیانیہ ہے اور ہم لوگوں کو بتائیں کہ کس طرح اسلام محبت اور رحم کے راستے پر پھیلا تھا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستان کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کابینہ کا کوئی بھی اجلاس ایسا نہیں جس میں ہم انتخابی اصلاحات اور بیرون ملک پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بات نہ کی ہو اور ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینی ہے تاکہ وہ ووٹ دے سکیں،سمندر پار پاکستانی مختار نامے کے کاغذات کی آن لائن منظوری کرا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا، گزشتہ رات وزیراعظم اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی، آرمی چیف اور وزیراعظم کے آپس میں بہت قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ کے ضمن میں بھی بہت اہم ہے کہ پاکستان کی سول اور ملٹری کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں،

وزیر اعظم آفس کبھی بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج یا پاکستان کے سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو اور پاکستان کی فوج یا سپہ سالار بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے وزیر اعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی ہو۔فواد چوہدری نے کہا کہ دونوں کا ایک دوسرے قریبی رابطہ اور تعلق ہے اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اور اس پر بھی دونوں کا اتفاق رائے ہے،نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیر اعظم کی اتھارٹی ہے، تقرر ہمیشہ وسیع البنیاد مشاورت کی بنیاد پر ہوتا ہے اور ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری قانونی طور پر تمام چیزیں مکمل کرنے کے بعد ہو گی۔انہوں نے کہا کہ روایتی میڈیا نے ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے کو سنسنی خیزی پھیلانے کا ذریعہ نہیں بنایا ، میں اس کو سراہنا چاہتا ہوں۔

میری میڈیا سے درخواست ہے کہ سوشل میڈیا پر جو چیز دیکھیں اس کی پہلے تصدیق ضرور کر لیا کریں۔فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ میں 15سے زائد وزرا شریک تھے، ہمارے وزار میں یہ چیز نہیں ہے کہ ہم ہر جگہ پر اپنی تصاویر بنوائیں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور نیول چیف بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔انہوں نے کہا کہ ایئر سیال لمیٹڈ کو لائسنس کا اجرا کیا گیا ہے، 18اداروں کی آسامیاں ختم کی جارہی ہیں، مختلف اداروں میں 80سے زائد اعلیٰ سطح تعینا تیاں میرٹ پر کی گئی ہیں، یوٹیلٹی سٹورز پر 5لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر 3لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کردی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں ایک نیا یونٹ بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی،اسلام آباد پولیس میں ہجوم سے نمٹنے کیلئے ایک نیا یونٹ قائم کیا جائیگا، یونٹ میں کیمرے اور ڈرون ٹیکنالوجی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے آنے والوں کیلئے ویزہ فیس ختم کردی گئی ہے،وفاقی کابینہ کا افغان تاجروں کو پاکستان بزنس ویزہ کی فہرست میں شامل کرنیکا فیصلہ کیا ہے،کابینہ نے سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کو آن لائن ویزہ کی سہولت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیمرا شکایات کونسل اسلام آباد کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close