راولپنڈی (پی این آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ہی ہوں گے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز وفاقی وزرا نے اعلٰی عسکری حکام سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم احمد انجم ہی ہوں گے۔ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم آئندہ ہفتے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن کل تک جاری کردیا جائے گا۔ خیال رہے کہ چھ اکتوبر کو پاک فوج میں ہونے والی تقرریاں اور تبادلوں کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ان کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے ایک تاثر پیدا ہو گیا کہ غالباً وزیراعظم عمران خان لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ہی ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور اسی لیے تاحال لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی تقرری کا نوٹی فکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا۔تاہم اب ذرائع نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کے ہی ڈی جی آئی ایس آئی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ یاد رہے کہ 6 اکتوبر کو پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تبادلوں اور تقرریاں کی گئی تھیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ قبل ازیں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تعینات تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں