اسلام آباد ( آن لائن) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے محفل میلاد اور سیرت کانفرنسوں کے انعقاد کے موقع پر علمائ اور نعت خوانوں کی مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ماہِ ربیع الاوّل کے موقع پر محفل میلاد اور سیرت کانفرنسوں کے انعقاد کیلئے ہدایات جاری کردی ہے جس میں محفل میلاد کے دوران کوویڈ ایس او پیز پر عمل کرنے سمیت ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ اور سینیٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
این سی او سی نے علمائ اور نعت خوانوں کی مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دیتے ہوئے سرکاری اور نجی میڈیا ہاؤسز کو براہ راست نشریات کی تجویز دی ہے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ محفل میں شرکت کرنیوالوں کی ویکسی نیشن کی جائے، سیرت کانفرنسوں کے انعقاد کا مقام کھلا اور کشادہ ہونا چاہیے، 6فٹ سماجی فاصلے کوبرقرار رکھنا لازمی ہے۔
این سی او سی نے کہا ہے کہ مسجد،پنڈال انتظامیہ سماجی فاصلے کے نشانات کوواضح کرنا یقینی بنائیں، داخلی راستوں پر تمام افراد کی تھرمل اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے، ماسک کی دستیابی اور داخلی دروازوں پر سینیٹائزر کا انتظام ہونا ضروری ہے۔ ہدایات میں کہا گیا کہ کھانسی، فلو، بخارکی علامات والے افراد کی عدم شرکت کویقینی بنایاجائے، ہجوم کی بھگ دڑ سے بچنے کے لیے ، پیکڈ فوڈ شرکا میں تقسیم کیا جائے۔
این سی او سی نے کہا کہ روایتی جلوسوں کوایس او پیزکی پابندی کے ساتھ اجازت دی جائے، مقدس اشیا کو چھونے، چومنے اور گلے لگانے سے گریز کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں