پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری پر برہم

کراچی (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کو ان کے معاملات سے فاصلہ رکھنے کی وارننگ دے دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ فواد چودھری صاحب میرے معاملات سے فاصلہ رکھیں، مناسب رہے گا ورنہ میرا تھپڑ آپ کے تھپڑ کے آگے ٹِک نہیں سکے گا، بہتر ہے خاموش رہیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا لیکن وجوہات سے آگاہ نہیں کیا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ کے ساتھ تحریک انصاف کو بھی چھوڑ چکا ہوں اور مزید دو اراکین بھی بہت جلد مستعفی ہونے والے ہیں۔ اگر میں نے استعفے کی وجہ بتادی تو پورا پاکستان دہل جائے گا اور قیامت آ جائے گی۔

واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کراچی سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔ عامر لیاقت حسین نے اس سے قبل جولائی 2020میں بھی ٹویٹر پر اپنے مستعفی ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close