لاہور(آئی این پی) تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے گورنر ہائوس پنجاب میں جئے بھٹو کا نعرہ لگا دیا۔ ہفتہ کو گورنر ہائوس پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ ہوا۔ کرکٹ ٹاکرے کے بیسٹ آف تھری میں حکومتی ٹیم شکست سے دو چار ہوگئی۔پہلے دونوں میچوں میں بھی حکومتی ٹیم کو شکست ہوئی تھی۔ اس طرح اپوزیشن ٹیم نے بیسٹ آف تھری کرکٹ ٹاکرے کی سیریز اپنے نام کرلی،پہلے میچ میں
حکومتی ٹیم نے 97رنز بنائے جو اپوزیشن نے آسانی سے ہدف حاصل کر لیا۔ دوسرے میچ میں حکومتی ٹیم نے 86رنز بنائے اپوزیشن نے یہ ہدف بھی آسانی سے حاصل کر لیا۔اس موقع پر حکومتی ٹیم کے کپتان اور صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے خوش گوار ماحول میں جئے بھٹو کا نعرہ بھی لگایا۔ حسن مرتضی کے کہنے پر فیاض الحسن چوہان نے جئے بھٹو کا نعرہ لگایا۔کرکٹ ٹاکرے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے فیاض چوہان نے میچ کھیلنے پر پیپلز پارٹی کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ٹیم نے کرکٹ کی بحالی کے لئے اچھا کر دار ادا کیا، اس موقع پر میرا بھی دل کر رہا ہے کہ ملک کے لئے پیپلز پارٹی کے اس جذبے کے پیش نظر جئے بھٹو کا نعرہ لگادوں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کو کرکٹ کھیلتے دیکھ کر خوشی ہوئی، سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کرکٹ کھیلی گئی، اس سلسلے میں فیاض الحسن چوہان اور علی حیدر گیلانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے امریکی قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں