اسلام آباد(پی این آئی ) سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے دعوی کیا ہے کہ حکومت ختم ہونے سے قبل کئی استعفے سامنے آئیں گے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے پاس دو وزیر آئے وہ موجودہ حکومت پر تنقید کر رہے تھے۔
وزراء کہہ رہے تھے کہ فلاں فلاں لوگ پیسے بنا رہے ہیں۔میں نے ان کو کہا کہ اگر آپ کو کوئی اعتراض ہے تو حکومت سے الگ ہو جائیں۔جس پر انہوں نے کہا کہ راتوں رات دس پرچے ہو جائیں گے۔عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ حکومت ختم ہونے سے قبل کئی استعفے سامنے آئیں گے۔چار وزیر وزیراعظم عمران خان کے پاس گئے اور انہوں نے کہا کہ لٹ گئے ہیں، تباہ ہو گئے ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ ہم تو اپنے حلقوں میں بھی نہیں جا سکتے، اپنی پارٹی کو بچا لیں۔۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو بہت ساری اطلاع دی جاتی ہیں اور وہی بات بتائی جاتی ہیں جو انہیں پسند ہوں۔کہتے ہیں سیاست کا ایک ہی اصول ہوتا ہے کہ اس کا کوئی اصول نہیں ہوتا۔ عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ عمران خان کے ارد گرد چار پانچ ایسے لوگ موجود ہیں جو ان تک حقائق جانے ہی نہیں دیتے۔کوئی بندہ عمران خان کے پاس جا کر سچ نہیں بولتا۔اگر انہیں عامر لیاقت کے خلاف پہلے جا کر کسی نے بات بتا دی تو وہ ان سے کہیں گے کہ تم میرے خلاف سازشیں کر رہے ہو۔عامر لیاقت کے بارے میں وزیراعظم کو ایک شخص نے بڑی خوفناک بات بتائی جس پر وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پہلے ہی اس پر شک تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماڈاکٹرعامر لیاقت نے کہاہے کہ جن وزیروں اور مشیروں کے نام پنڈورا پیپر میں آئے ہیں وہ تاحال پاکستان چلارہے ہیں، انہیں کیوں نہیں ہٹایا جا رہا،اگر نام آنا کافی نہیں ہے تو پھر نوازشریف کے ساتھ جو ہوا وہ کیوں ہوا، تحریک انصاف کو ان لوگوں نے ووٹ دیا ہے جو کرپشن کے خلاف ہیں،وہ قلم کے آدمی تھے لیکن دوستوں نے ان کے ہاتھ میں بندوق تھمادی،اگر انہوں نے استعفے کی وجہ بتادی تو پورا پاکستان دہل جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں