کراچی(آئی این پی)کامیڈی کنگ اور لیجنڈ اداکارعمر شریف کو حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔عمر شریف کا جسد خاکی حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں لایا گیا تو مزار کے اطراف سیکیورٹی الرٹ جبکہ مزار جانے والا حصہ بھی بند کردیا گیا، تدفین کے عمل میں صرف اہلِ خانہ، قریبی عزیز اور چند اہم شخصیات نے حصہ لیا۔اس سے قبل عمر شریف کی نمازجنازہ سیلانی ویلفیئر کے
علامہ بشیر فاروق قادری نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں مرحوم کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سمیت مداحوں، سیاسی و سماجی رہنمائوں اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔عمر شریف کا جسد خاکی بدھ کی صبح 5 بج کر 35 منٹ پر کراچی پہنچا۔ عمر شریف کی فیملی میت وصول کرنے ایئرپورٹ پہنچی۔ عمر شریف مرحوم کا جسد خاکی ترکش ایئرلائن کی پرواز TK708 سے لایا گیا۔ کراچی پہنچنے کے بعد مرحوم کا جسد خاکی ضابطے کی کارروائی کے لیے انٹر نیشنل کارگو ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔ عمر شریف کی فیملی میت وصول کرنے ایئرپورٹ پہنچی۔ سی اے اے اور گرانڈ ہینڈلنگ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جسد خاکی ورثا کے حوالے کردیا گیا۔عمر شریف کا جسد خاکی کراچی پہنچنے کے
بعد کارگو ٹرمینل پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ جسد خاکی وصول کرتے وقت بیٹے جواد عمر اور دیگر احباب جذباتی ہوگئے۔عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل اور جرمنی سے قونصل جنرل امجد علی جسد خاکی کے ہمراہ کراچی پہنچے۔ کارگو ٹرمینل پر سی اے اے کسٹمز اور ایئر لائن افسران بھی موجود رہے۔صوبائی وزیر سعید غنی بھی کارگو ٹرمینل پہنچے اور انہوں نے عمرشریف کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا۔ سعیدغنی نے کہا عمرشریف نے ملک کانام دنیا بھرمیں روشن کیا،عمر شریف کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔واضح رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لئے امریکا لے جاتے ہوئے جرمنی میں کچھ وقت کے لیے قیام کرنا پڑا تھا تاہم وہ وہیں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں