مہنگائی سے پریشان نہ ہوں، روٹی کم کھائیں اور چینی کم استعمال کریں، 9فیصد مہنگائی توکچھ بھی نہیں

مظفرآباد (پی این آئی) وفاقی وزیر برائے امورکشمیرعلی امین گنڈا پور نے عوام کو مہنگائی سے بچنے کیلئے انوکھا مشورہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ عوام چینی اور روٹی کم استعمال کریں،روٹی کے100 نوالے کھاتے ہیں تو کچھ کم کھائیں، چائے میں چینی کے100 دانوں میں سے 9 دانے کم ڈالیں، 9 فیصد مہنگائی کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو مہنگائی سے بچنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت مہنگائی کم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے، چینی بہت مہنگی ہے، عوام کو چاہیے روٹی اور چینی کم استعمال کریں۔روٹی کے 100 نوالے کھاتے ہیں تو کچھ کم کردیں، اگرچائے میں چینی کے سو دانے ڈالتے ہیں تو نو دانے کم ڈالیں، عمران خان قرضے سے لے کر مصنوعی چیزیں سستی نہیں کر رہا۔پاکستان میں 9 فیصد مہنگائی کچھ نہیں ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نوازشریف اور آصف علی زرداری نے عوام کے اربوں ڈالرز لوٹے جس کہ وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے،عمران خان قرضوں کے پیسے سے مصنوعی چیزیں سستی نہیں کر رہا۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کے کل قرضوں میں اگست 2020 سے رواں برس اگست کے ماہ تک 11.5 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ جبکہ بیرونی قرض (روپے کے لحاظ سے) 22-2021 کے پہلے دو ماہ میں 8 فیصد تک بڑھا ہے. اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی حکومت کے کل قرضوں کے بارے میں تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بیرونی قرضوں میں بھی ایک سال کے عرصے 1300 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ مقامی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہے. تاہم مرکزی حکومت کے گھریلو قرضے میں جولائی سے اگست کی مدت میں 70 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ گھریلو قرضہ جون میں 26 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر اگست میں 26 ہزار 335 ارب روپے تک ہوگیا ہے۔

close