حمزہ شہباز سب کو اپنی طرح احمقوں کے جنت کے باسی سمجھتے ہیں

راولپنڈی(آئی این پی)وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز سب کو اپنی طرح احمقوں کے جنت کے باسی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں حمزہ شہباز کو ترقی ہوتی دیکھ کر شرمندگی تو ہوئی ہو گی۔ آج کا جنوبی پنجاب صوبے کے دوسرے علاقوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھ رہا ہے۔ بزدار حکومت نے وسائل کی منصفانہ تقسیم سے جنوبی پنجاب کی عوام کو انکا جائز

حق دیا ہے جبکہ شریف خاندان ایک موٹروے بنا کر عوام پر احسان جتاتے نہیں تھکتا۔ ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شریف خاندان کا ہر میگا منصوبہ کرپشن کی غضب اور منفرد کہانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے 2008 سے 2018 تک کے دس سالہ دورِ اقتدار میں شروع کیے گئے میگا منصوبوں پر ساڑھے سترہ ہزار ارب کے آڈٹ پیراز پر ابھی تک میں شوباز شریف کے جواب کا منتظر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز بتائیں 8 سال پہلے ان کے والد نے خام مال کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود تیں گنا مہنگی سڑکیں کیسے بنائیں۔ زلزلہ اور

سیلاب متاثرین کے لیے آنے والے فنڈز میں خرد برد پر ہی تو شریف خاندان کو عالمی میڈیا کی طرف سے قذاق کہا گیا تھا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز ڈھٹائی میں بالکل اپنے آباء و اجداد پر گئے ہیں۔ ان کے تایا نواز شریف آج لندن میں انہی فلیٹس میں رہائش پذیر ہیں جنہیں ماننے سے وہ عدالتوں کے سامنے انکار کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی جنوبی پنجاب کے عوام کو بیوقوف بنانے کی تمام کوششیں بیکار جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close