موٹرسائیکل سواروں کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی گئیں، حکومت نے موٹروہیکل کے قانون میں ترمیم کر دی

کراچی(پی این آئی) موٹر سائیکل کے دونوں سائیڈ کے شیشہ لگانا لازمی قرار، موٹرسائیکل سوار پر ہیلمٹ پہننا بھی لازمی ہو گا، سندھ حکومت نے موٹر وہیکل کے قانون میں ترمیم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے ایک اہم عوامی مسئلہ کو دیکھتے ہوئے موٹر وہیکل کے قانون میں ترمیم کی ہے اور اس کے تحت اب تمام موٹر سائیکل والوں کو ہیلمنٹ کے ساتھ ساتھ اپنی موٹر سائیکل کے دونوں سائیڈ کے شیشہ لگانے ہوں گے۔

ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے اس بات کا مطالبہ کیا تھا کہ موٹر سائیکلوں میں شیشہ نہ ہونے کے باعث حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کا آغاز کیا ہے۔جعلی، غیرنمونہ نمبرپلیٹ والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کیخلاف کاروائی شروع کی گئی ہے، اعلان کیا گیا ہے کہ گاڑیوں یا موٹرسائیکل پر جعلی اور غیرنمونہ نمبر پلیٹ لگانے پر اب چالان نہیں مقدمہ درج کیا جائے گا۔فلیشر لائٹس لگانے والوں کیخلاف بھی کارروائی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ کالے شیشے استعمال کرنے والی گاڑیوں کیخلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کے علاوہ پنجاب حکومت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ فیس میں بھی اضافہ کر چکی۔ موٹر سائیکل اور رکشہ کی حد رفتاری سے تجاوز پر 500 روپے، گاڑی کو 750 روپے، ٹریکٹر ٹرالی، ٹرالر کو 1000 جرمانہ کیا جائےگا۔اسی طرح سگنل کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل اور رکشہ کا جرمانہ500 روپے، گاڑی کا جرمانہ 750 روپے، ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کیلئے 1500 روپے جرمانہ فیس ہوگی۔ موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کیلئے بغیر ہیلمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس جرمانہ فیس 600 روپے ہوگی۔ بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر کار750 اور بڑی گاڑیوں کو 1500روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close