پبی(پی این آئی)شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم تلے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مشترکہ فوجی مشقیں پبی میں ختم ہو گئیں۔ ایس سی او کے تحت یہ انسداد دہشت گردی کے بارے میں پہلی فوجی مشقیں تھیں جن کا مقصد انسداد دہشت گردی کی عالمی سطح پر کوششوں کے لیے تعاون بڑھانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے تحت انسداد دہشت گردی کی مشترکہ فوجی مشقیں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں ختم ہوگئیں، یہ پہلی فوجی مشقیں تھیں جو دو ہفتے تک جاری رہیں، مشقوں کا مقصد انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں کے تحت تعاون بڑھانا تھا۔مشقوں میں پاکستانی اور چینی دستوں نے اپنے تجربات کا تبادلہ کیا، مشقوں میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، نئے رجحانات اور تکنیکس کا بھی مظاہرہ ہوا، مشقوں کے پہلے مرحلے میں 26 سے 31 جولائی تک ایس سی او کے رکن ممالک نے اپنے علاقوں میں تربیتی مشقیں کیں جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 21 ستمبر سے 4 اکتوبر تک پاکستان میں مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔مشقوں میں مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشنز، ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشنز، سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن، کلوز کوارٹر بیٹل، دھماکا خیز مواد کی ہینڈلنگ اور میڈیکل انخلاء شامل تھا۔ کمانڈر سینٹرل کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں