ڈاکٹر عامر لیاقت کے ساتھ مزید دو پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے بھی مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا

کراچی (پی این آئی) عامر لیاقت حسین کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید دو ارکانِ قومی اسمبلی نے اپنی نشستوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ “کراچی سے منتخب رکن اسمبلی جنہوں نے اپنی محنت اورعمران خان کی محبت میں بلاول بھٹو زرداری کو شکست دی انہوں نے بھی قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کے ایک رکن استعفیٰ آج یا کل ارسال کردیں گے، نام نہیں بتا سکتا۔”عامر لیاقت نے گزشتہ شب اپنی قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ” قومی اسمبلی سے استعفی ارسال کردیا ہے اللہ تعالی عمران خان اور پی ٹی آئی کا حامی و نا صر ہو ۔ اللہ حافظ۔”خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تین نشستوں پر الیکشن لڑا تھا لیکن وہ صرف لاڑکانہ کی نشست پر ہی کامیاب ہو پائے تھے۔ انہیں خیبر پختونخوا سے مالاکنڈ اور سندھ سے کراچی کی نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کراچی میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے گڑھ این سے 246 لیاری سے الیکشن لڑا تھا تاہم انہیں یہاں پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالشکور شاد نے شکست دے دی تھی۔ اس حلقے میں بلاول بھٹو زرداری تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ جیتنے والے امیدوار کو 52 ہزار 750 ، دوسرے نمبر پر آنے والے کالعدم ٹی ایل پی کے احمد بخش کو 42 ہزار 345 جب کہ بلاول بھٹو زرداری کو 39 ہزار 325 ووٹ ملے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں