پنجاب کی اعلیٰ ترین شخصیت کا الائچی والی چائے پینے کا شوق، الائچی کی خوشبو اچھی نہیں تھی، مہمانوں کی چائے کی پرچ پیالی دو رنگی تھی، سٹاف کی شامت آ گئی، معافی مسترد، سرکاری نوکریوں سے برطرف کے احکامات کا خدشہ

لاہور (پی این آئی) پنجاب کے اعلیٰ ترین منصب پر براجمان شخصیت کو الائچی والی خوشبودار چائے پینےکا شوق ہے لیکن یہ الائچی بھی ایسی ویسی نہیں ہونی چاہیے بلکہ بہت چھان پھٹک کر بازار سے لائی جائے اور پھر اس کو بہت توجہ سے جانچ کر ظل الہٰی کی چائے کی پیالی میں ڈالا جائے تا کہ وہ چائے پینے کے دوران اس کی دلفریب خوشبو سے لطف اندوز ہو سکیں لیکن اگر اس میں ذرا لاپرواہی برتی جائے

تو پھر نوکری خطرے میں ہے۔
اس حوالے سے جو لوگ پنجاب کی خاموش ترین حکمران کے شاہی باورچی خانے میںچائے کے اہتمام کی ڈیوٹی پر مامور ہیں ان سب کی نوکریاں ان دنوں خطرے میں پڑ گئی ہیں کیونکہ صاحب ا قتدار کی چائے میں ڈالی جانے والی الائچی کچھ زیادہ ذائقے دار نہیں پائی گئی، انہوں نے الائچی کو چائے کی پیالی سے نکال کر چیک کرایا تو اس کے اندر کے دانے کچھ تازہ تازہ نہیں نظر آئے۔ حکم شاہی صادر ہوا کہ انتظامی سٹاف کو لائن حاضر کر دیا جائے اور پھر نوکریوں سے برخاست بھی کیا جائے۔
ابھی شاہی برہمی کا ڈرامہ چل ہی رہا تھا کہ کچھ اور سرکاری ملازمین بھی شامت اعمال نظروں میں آ گئے، وجہ اس کی یہ بیان کی جاتی ہے کہ لاہور کی سرکاری عمارتوں میں 5 اور 6 گالف کورس روڈ کی عمارتیں جو اس سے پہلے دوسرے شہروں سے آنے والےاعلیٰ افسران کے لیے گیسٹ ہاؤس کی خدمت انجام دیتی تھیں، ان دنوں وہاں صاحب حکومت کے حلقے سے آنے والے مہمان محمدی بسترے لگا کر ٹھہرائے جاتے ہیں، ایسے ہی مہمانوں کو ایک صبح چائے پیش کی گئی تو چائے کی پیالی اور پرچ دو مختلف ڈیزائن کے تھے، یہی سنگین غلطی اس مقام پر ڈیوٹی عملے کی شامت کا باعث بن گئی اور اب اطلاعات یہ ہیں کہ الائچی والی گستاخی کرنے والے اوردو رنگی پرچ پیالی پیش کرنے والےدونوں قسم کے سرکاری ملازمین کو بہت جلد بستر بوریا لپیٹا جانے والا ہے۔ اور اس امر کا قوی امکان ہے کہ وہ ہر طرح کی معافی مانگنے کے باوجود برطرفی کے سزا وار ٹھہریں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close