کراچی (پی این آئی) پاکستان کے کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت پاکستان واپس لانے سے پہلے جرمنی میں نمازِ جنازہ ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔اینکر پرسن وسیم بادامی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جرمنی میں عمر شریف کی نمازِ جنازہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ” جرمنی میں عمر بھائی کی نماز جنازہ کل دوپہر ادا کی جائے گی۔
وہاں موجود دوستوں سے شرکت کی درخواست ہے۔بظاہر پاکستان واپسی منگل یا بدھ تک ممکن لگتی ہے۔ واپسی کی فلائٹ فائنل ہونے کے بعد اہل خانہ پاکستان میں نماز جنازہ کی تفصیلات سے آگاہ کر دیں گے انشااللہ۔”خیال رہے کہ کامیڈین عمر شریف کو دل کے علاج کیلئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکہ منتقل کیا جا رہا تھا تاہم راستے میں طبیعت خراب ہونے پر انہیں جرمنی میں روکنا پڑا تھا۔ جرمنی کے ایک ہسپتال میں عمر شریف کا علاج جاری تھا تاہم گزشتہ روز وہ گردوں کے ڈائیلسز کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ ہسپتال کی جانب سے عمر شریف کا ڈیتھ شرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے باعث بلدیہ سے ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوسکا۔ پیر کو جرمن بلدیہ کی جانب سے سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا جائے گا جس کے بعدعمر شریف کی میت کو پاکستان واپس لایا جائے گا۔ پاکستان میں ان کی نمازِ جنازہ مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے جب کہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں