حکومت کرنا بچوں کا کھیل نہیں، بلاول اور مریم مزید انتظار کریں، آئندہ پانچ سال بھی تحریک انصاف کی حکومت بننے کا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) پوری دنیا عمران خان کی بات سنتی ہے، بلاول بھٹو اور مریم نواز کو خطے کی پیچیدگیوں کا پتہ نہیں، پاکستان کی باگ ڈور ان بچوں کے حوالے نہیں کرسکتے، وفاقی وزیر فواد چوہدری کا آئندہ 5 سال کیلئے بھی پی ٹی آئی کی حکومت بننے کا دعوی.

 

 

تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کو خطے کی پیچیدگیوں کا پتا تک نہیں، لڑائی کا اختتام بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔جہلم میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کی وجہ سے معاشی بحران ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں آمریت مسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کو اس ریجن کی پیچیدگیوں کا پتہ نہیں، پاکستان کی باگ ڈور ان بچوں کے حوالے نہیں کرسکتے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ افغانستان کے مسئلے پر پوری دنیا عمران خان کی بات سنتی ہے، وہاں ہمارے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، افغانستان میں فوجی نہیں سیاسی حل کی طرف جانا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہی تھا جس نے امریکا اور طالبان کے درمیان بات چیت کرائی، ایک قطرہ خون بہائے بغیر افغانستان میں اقتدار منتقل ہوا۔ فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ جو پاکستانی بہک گئے ہیں، چاہے وہ بلوچستان میں ہوں، ان کو واپس راستے پر لائیں گے، لڑائی کا اختتام بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایجنڈا پیش کیا ہے، جو آئین کو مانیں گے، ان سے بات ہوگی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم اپنی باتیں کرتے ہیں مہنگائی ہوگئی ہے، مشکلات ہیں مگر عمران خان دنیا کی بات کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مقدمات کو یومیہ بنیاد پر چلانا چاہیے، دوسرا کیس 25 ارب کا شوگر انکوائری کمیشن کی تحقیقات کے بعد سامنے آیا، پتا چلا کہ العربیہ اور رمضان دونوں ملز منی لانڈرنگ کیلئے چلائی جاتی تھیں، ایک نیب کا ریفرنس ہے اور دوسرا 25 ارب کا ایف آئی اے میں چل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی اے نے اپنے طور پر اس کیس کو ڈیل کیا، ملک مقصود چپڑاسی کے اکاوَنٹ میں اربوں روپے آئے، حاجی نعیم کے اکاوَنٹ میں 2 اعشاریہ 8 ارب روپے آئے، رمضان شوگر مل کے ملازم تنویرالحق کے اکاوَنٹ میں 51 کروڑ روپے آئے، محمد وارث کے اکاوَنٹ میں2 اعشاریہ 5 ارب روپے منتقل کیے گئے، ہمارا ذاتی پیسہ نہیں لوٹا گیا یہ پاکستانی قوم کا پیسہ ہے، اظہر عباس کے اکاوَنٹ میں ایک اعشاریہ ایک ارب روپے آئے، شہبازشریف نے نوازشریف کی واپسی کی گارنٹی دی تھی، نوازشریف کے بیرون ملک جانے کیلئے ٹوپی ڈرامہ کیا گیا۔شریف خاندان کے لوگ صرف اقتدار کیلئے پاکستان آتے ہیں، مریم نواز اس لیے یہاں ہیں کہ ہم انہیں باہر نہیں جانے دے رہے، مسلم لیگ ن نے 10 سال میں 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close