اسلام آباد(پی این آئی)سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نےدعویٰ کرتےہوئےکہاہےکہ آج رات کو بہت بڑے بڑے سیاسی دھماکے ہونے والے ہیں ،آج رات کے بعدپاکستان کی سیاسی حالت مختلف ہو گی،پنڈورا پیپرز میں ایسے ایسے انکشافات ہیں کہ بہت ساروں کے ہوش اڑ جائیں گے، پنڈورا باکس میں سیاستدان، میڈیا، جوڈیشری، ڈیفنس سمیت کئی اہم لوگ شامل ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم)پر لڑ رہے ہیں اور کل پینڈورا پیپرز پر لڑیں گے ،پنڈوا باکس کے بعد پاکستان کا سیاسی منظر نامہ بدل جائے گا، پنڈورا باکس پاناما لیکس سے کئی گنا زیادہ خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش پاکستان میں موجود ہے ہماری حکومت کو اس پر ایکشن لینا ہوگا،گلگت بلتستان کی گورنمنٹ سے درخواست ہے کہ گھر گھر سرچ آپریشن کرے،آرمی چیف زبردست کام کر رہے ہیں اور پاکستان کو ان پر اعتماد ہے تاہم آنے والے وقت میں ہمارے اداروں کو ہوشیار رہنا ہوگا۔رحمان ملک نے کہا کہ طالبان کی شروعات کیسے ہوئی تحقیق ہونی چاہئے ،افغانستان کو بھائیوں کی طرح سہولیات دی لیکن آج کیا جواب ملا،وزیراعظم عمران خان اپنی اَنا کو شکست دے اور اپوزیشن کیساتھ ملکر چلے،کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) سے بات کرنے سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے،کالعدم ٹی ٹی پی کے مسئلے پر ٹروتھ ری کونسیلشن کمیشن بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دو تین ایسی چیزیں ہیں جو عوام کے سامنے آنی چاہئیں، کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں ہے، کالعدم ٹی ٹی پی نے ہمشہ بات کی اور معاملے کو لٹکایا اور وہ ہمیشہ بات چیت کا فائدہ اٹھاتے ہیں،آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کے والدین انصاف کے منتظر ہیں،مساجد ،چرچز، سکول اور مارکیٹوں میں ہزاروں بیگناہ پاکستانی مارے گئے،کوئٹہ ،کراچی، گلگت اور دیگر شہروں میں ہزاروں شیعہ مارے گئے، کالعدم ٹی ٹی پی کو پاکستان میں کئے ہوئے حملوں کا حساب دینا ہوگا،بینظیر بھٹو شہید کا قاتل اکرام اللہ ٹی ٹی پی کے ساتھ ہے،اکرام اللہ دوسرا خودکش حملہ اور تھا جو بچ گیا تھا،افغانستان کے وزیر داخلہ سے درخواست ہے کہ محترمہ کے قاتل کو پاکستان کے حوالے کیا جائے،کالعدم ٹی ٹی پی سے حساب لینا ہوگا، جنہوں نے ہماری افواج اور معصوم لوگوں پر حملے کئے ہیں وہ قابل معافی نہیں ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی جو صورتحال ہے وہ سب کو معلوم ہے،امریکہ نے پاکستان سے حملہ کرنے سے پہلے پوچھا اور نہ چھوڑنے سے پہلے پوچھا، امریکہ دنیا کی بڑی طاقت ہے لیکن ناکامی کی الزامات پاکستان پر کیسے تھوپ سکتی ہے؟
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں