جنوبی پنجاب میں سیاسی مجاور ڈیرے بدلنے لگے، بڑی جماعتوں کے رہنماؤ ں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت

ملتان(آئی این پی ) مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جنوبی پنجاب کے دورے کے دوران مختلف سیاسی رہنماوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ شمولیت اختیار کرنے والے رہنماوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں جو جنوبی پنجاب کی مثالی خدمت کی، اس قافلے کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

راجن پور سے تعلق رکھنے والے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی نے حمزہ شہباز سے ملاقات کی، اور مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مظفر گڑھ کے حلقہ پی پی 271 سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اور سرکردہ رہنما اختر علی گوپانگ نے بھی لیگی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ ملتان پہنچنے پر شاندار استقبال اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر تین دفعہ ایم پی اے منتخب ہونے والے اسحاق بچا نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ اسحاق بچا 1988, 1993 اور 2002 میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے رہے ہیں۔ ملتان سے برگیڈیئر (ر)قیصر مہے نے بھی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، فخر ہے کہ اس کا حصہ بن رہا ہوں۔ خانیوال پہنچنے پر شاندار استقبال کے بعد سابقہ ایم پی اے جمیل شاہ نے متعلقہ حلقے کے ایم این اے افتخار نذیر کی موجودگی میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ جمیل شاہ 2008 میں ایم پی اے رہے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close