وزیراعظم عمران خان مجھے خود فارغ کر دیں اور پارٹی سے نکال دیں، پرویز خٹک کی خواہش کا انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے پرویز خٹک کے حوالے سے نیا انکشاف کر دیا ۔ پروگرام میں گفتگو کے دوران چوہدری غلام حسین نے کہا کہ پرویز خٹک کا دعویٰ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخواہ میں کبھی کوئی دوسری مرتبہ اقتدار میں نہیں آیا۔

میں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے خیبرپختونخواہ میں جو کارکردگی دکھائی اُس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف 2018ء کے عام انتخابات میں خیبرپختونخواہ میں دوسری مرتبہ نہ صرف کامیاب ہوئی بلکہ مرکز میں بھی خیبرپختونخواہ کی وجہ سے ہی وفاق میں حکومت بنی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کا ماننا ہے کہ جو اُن کی سیاسی قابلیت تھی اور جس طرح انہوں نے نتائج دئے تھے اسی طرح مجھ سے کام لیا جاتا ۔چوہدری غلام حسین نے کہا کہ پرویز خٹک اراکین اسمبلی اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے دی گئی کھانے کی دعوتوں میں شریک ہوتے ہیں اور ایسے ہی ایک کھانے میں پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری روایات اور رواج نہیں ہیں کہ جن کو کمزور دیکھیں تو اُن کو چُھرا گھونپیں لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان مجھے خود فارغ کر دیں اور پارٹی سے نکال دیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیردفاع پرویز خٹک کی قیادت میں خیبرپختونخوا کے 22 ارکان کا نیا گروپ سامنے آیا تھا۔ پرویز خٹک کی قیادت میں بننے والے نئے گروپ نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان نے نئے گروپ کو اپنے چیمبر میں طلب کیا اور مطالبات کے حل کی یقین دہانی کروائی۔چیمبر میں وزیراعظم عمران خان نے گروپ کے مطالبات پر اسد عمر، حماد اظہر، عمر ایوب اور عامر ڈوگر کو بھی فوری طلب کیا اور خیبرپختونخواہ گروپ کے مطالبات کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کروائی،جس کے بعد وزیر دفاع رویز خٹک گروپ نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی میں سیاسی ہلچل اور نئی صف بندیوں کی بھی اطلاعات ہیں جس کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کو پی ٹی آئی ارکان کی پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں