اسلام آباد(پی این آئی ) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ عطاءمری نے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) حکومت کے پانچ سال تک چلنے کا معاہدہ کرکے نواز شریف کو ملک سے باہر بھیجنے والے اپنا قد دیکھ کر بات کرٍیں، پنجاب میں بزدار سرکار کو صرف ن لیگ کا سہارا ہے ورنہ دو دن میں یہ حکومت گر سکتی ہے، یہ کیسا بیانیہ ہے کہ جو لاہور میں مختلف جبکہ لندن میں الگ ہو جاتا ہے؟
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ن لیگی نائب صدر مریم نواز کے پارٹی اجلاس میں خطاب پر اپنے سخت ردعمل میں کہا کہ استعفیٰ دینا تو ایک بہانہ تھا ، اصل مقصد لانگ مارچ ملتوی کروا کر عمران خان کا اقتدار بچانا تھا، اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیے میں محض اقتدار سے دور کرنے کی ناراضگی ہے ورنہ سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں،اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے پیپلزپارٹی کو پنجاب میں کمزور کرنے کی سازش کرنے والی جماعت آج بھی اپنے گھناؤنے کردار پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھی اسی کوکھ سے جنم لیا ہے جس بطن سے یہ جماعت پیدا ہوئی،پاکستان پیپلزپارٹی تو اس وقت سے اپنے بیانیے پر ڈٹی ہوئی ہے جب یہ جماعت چھانگا مانگا کی سیاست کرتی تھی، اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے بغیر کونسلر کی سیٹ نہ جیتنے والے ہمیں سکھانا بند کریں،بڑے بڑے دعوے کرنے والے جب ہارتے ہیں تو بوکھلاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔شازیہ عطاء مری نے کہا کہ کراچی سے کشمیر تک پاکستان پیپلزپارٹی کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ آج بھی بھٹو زندہ ہے، بلاول بھٹو زرداری کے جنوبی پنجاب کے دورے کے بعد پنجاب بھر کی تحصیلوں میں ورکرز کنونشن کرنے والی جماعت کتنی مقبول ہے ،وقت آنے پر بتائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں