لاہور ، پی ٹی آئی نے تین سال میں ترقی پزیر ملک کو زوال پزیری کی طرف دھکیل دیا ہے، سراج الحق

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے تین سال میں ترقی پزیر ملک کو زوال پزیری کی طرف دھکیل دیا ہے،حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی شرائط پر غریب عوام کا خون نچوڑ رہی ہے پٹرول،گیس،گھی،چینی ،آٹا اور ادویات کی قیمتوں کو پر لگ گے عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی۔ڈالر کی قیمت میں روزانہ اضافے سے عوام مصیبتوں میں گرفتار ہیں ۔کرونا،ڈینگی اور یہ حکمران قوم پر اللہ کا

عذاب ہیں۔ان سے نجات کے لیے اجتماعی توبہ کرتے ہوئے آئندہ الیکشن میں اہل لوگوں کو ووٹ دینا ہو گا۔قوم کے سامنے جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی آپشن موجود نہیں ہے ،ہر ہر شعبے میں ہم زوال کا شکار ہیں۔لگتاہے نئے پاکستان میں حکومت ہی مافیاز کو سونپ دی گئی ہے وزیر اعظم اسی مافیا کی سرپرستی کر رہے ہیں جو ملک کی ترقی میں حائل ہیں۔پی ٹی آئی حکومت کا چوتھا سال ہے جس میں وہ قوم سے کیے گئے کوئی چار وعدے بھی پورے نہیں کر سکی۔ملک میں توازن اور اعتدال کی بجائے جھوٹ اور مبالغہ عروج پر ہے جس کی تمام ذمہ داری وزیر اعظم اور ان کی ٹیم پر بنتی ہے۔ملک تو ریورس گیر پر ہے لیکن وزیر اعظم کہتے ہیں ہم آگے کی طرف جا رہے ہیں ،قوم مہنگائی اور بے روز گاری سے دو وقت

کی روٹی کو ترس رہی ہے اور یہ خوشحالی کی بات کر رہے ہیں ،حکومت بیرونی ایجنڈے کے تحت نظریاتی اور فکری الجھنوں میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔شریعت سے متصادم قانون سازی کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں دنیا اور آخرت میں کامیابی کی کلید اللہ کے نظام کو نافذ کرنے میں ہے جماعت اسلامی کی جدو جہد ملک میں فرد کی نہیں نظام کی تبدیلی کے لیے ہے۔عورتیں معاشرے کی عزت و ناموس ہیں ان کی حفاظت ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔خواتین کے حقوق کا تحفظ ، صرف اسلام میں مضمر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین ورکرزکنونشن، پرائیویٹ سکولز مالکان و پرنسپلز اور ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا س موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم،میاں محمد اسلم،امیر وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری،جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب بلال قدرت بٹ،امیر ضلع مظہر اقبال رندھاوا اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی مرکزی ٹیم کے ساتھ ضلع گوجرانوالہ کے تین روزہ تنظیمی دورے پر موجود تھے جس میں انہوں نے مزدروں،نوجوانوں،طلبائ،سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس،بزرگ ارکان،تاجران،بار کونسل،اور تنظیمی اجتماعات سے خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی ٰ نے خواتین کو ہر حال میں عزت اور اعلیٰ مقام سے نوازا ہے وہ اس معاشرے کا اہم حصہ اور ذمہ دار ہیں۔ماں،بیٹی،بہن،اور بیوی کے روپ میں جو حقوق اسلام نے ان کو دئیے ہیں کسی اور مذہب میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔مغرب ہماری تہذیب،کلچر اور روایات پر حملہ آور ہے اس کا اصل ہدف ہمارا اجتماعی خاندانی نظام ہے ڈومیسٹک وائلنس بل کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں یہ خاندان کو جوڑنے کی بجائے توڑنے کا ایجنڈا ہے۔خواتین آگے بڑ ھ کر اقامت دین کی جدو جہد میں بھر پور اور فعال کردار ادا کریں۔ ضلعی ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ 31 اکتوبر بروز اتوار اسلام آباد میں بے روز گار نوجوانوں کے ساتھ وزیر اعظم کو قوم سے کیے گئے وعدے یاد دلانے کے لیے جا رہے ہیں گوجرانوالہ کے بے روز گار نوجوان بڑی تعداد میں اس میں شریک ہوں۔آنے والے الیکشن میں ہم اپنے ایجنڈے اور نشان پر قوم کے سامنے بہترین آپشن کے طور پر موجود ہیں۔قوم ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی اور خوشحال بنانا چائتی ہے تو جماعت اسلامی کو ووٹ دیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر بلدیاتی الیکشن کروانے کا اعلان کرے صورتحال کو دیکھ کر پوری امید کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ جماعت اسلامی آئندہ الیکشن میں سرپرائز دیں گی۔سراج الحق نے ضلعی ذمہ داران کو کامیاب پروگرامات کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی،بے روز گاری اور کرپشن نے ملک کو پہلے سے کہیں زیادہ کمزور کر دیا ہے۔نظام معیشت بیرونی قرضہ جات کی آکسجین پر ہے جو کسی وقت بھی اس سے زیادہ مشکلات کا باعث بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسائل کا فو ری اور مکمل حل اللہ کے نظام میں موجود ہے حکومت فوری طور پر سودی معیشت کے خاتمے کا اعلان کرے اور بیرونی قرضہ جات کی بجائے ملک میں کرپشن کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنے انتظامی اخراجات کو کم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے آنے والے دنوں میں حکومت مخالف تحریک میں تیزی لائے گی انہوں نے دوبارہ ڈینگی میں اضافے کو حکومت کی نااہلی اور ناکامی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close