مسلم لیگ ن کی قیادت میں جھگڑا ہے، اگر آئندہ حکومت بنانی ہے تو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، خواجہ آصف کا اعتراف

راولپنڈی (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کا اعتراف کرلیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت میںجھگڑا ہے، اگر آئندہ حکومت بنانی ہے تو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہوئے، مہنگائی اور غربت سے عوام تنگ آچکے ہیں جس کے باعث حکومت کا بسترکسی بھی وقت گول ہوسکتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ جھگڑے کارکنوں کے نہیں قیادتوں کے ہیں، آپ کی مقامی پارٹی قیادتوں میں لڑائیاں ہیں۔ انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، جھگڑے ختم نہ کیے تو کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے، آئندہ الیکشن میں اگر حکومت کیلئے مینڈیٹ حاصل کرنا ہے تو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوری تحریک میں مسلم لیگ ن کی قربانیاں مثال رکھتی ہے، احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ نے سختیاں برداشت کی ہیں، ن لیگ نے ہمیشہ پاکستان کےعوام کی خدمت کی ہے، کنٹونمنٹ انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی خدمت کا ثمر ہے۔

close