جہانگیر ترین گروپ کو ایک اور دھچکا لگ گیا، 3رہنما ئوں نے پی ٹی آئی حکومت کی حمایت کر دی

لاہور(پی این آئی) ترین گروپ کے 3 ارکان نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا، نعمان لنگڑیال، عبدالحئی دستی اورداؤد سلیمانی نے کہا کہ ہم ایک تھے اور ایک رہیں گے، وزیراعلیٰ پر پورا اعتماد ہے، اپوزیشن نے ہمیشہ قومی مفاد کو نقصان پہنچایا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، اراکین پنجاب اسمبلی عبدالحئی دستی اور خواجہ داؤ د سلیمانی نے ملاقاتیں کیں جس میں حلقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے۔ کبھی کسی سے ناانصافی کی نہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔ہماری پارٹی کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے موجودہ حالات میں بھی پوائنٹ سکورنگ کرنے کی کوشش کی۔اپوزیشن کا تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پرمنفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔ صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہم ایک تھے،ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ رکن صوبائی اسمبلی عبدالحئی دستی نے کہا کہ آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی ہے۔ خواجہ داؤد سلیمانی نے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سابق صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری نے ملاقات کی جس میں بہاولپور کے ترقیاتی منصوبوں،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اہم شہر بہاولپور کی ترقی بہت عزیز ہے۔جلد ہی بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا۔سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں اور جو بھی وعدہ کیا وہ نبھایا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سمت درست اور نیت نیک ہے۔ عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر پہلے دن سے ہی سازشیں کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوامی خدمت کی سیاست سے ہر سازش ناکام ہوئی۔الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں