نوازشریف اس سطح کا لیڈر ہی نہیں کہ قوم اس کیلئے پورے ملک سے باہر نکلے ، شیخ رشید احمد

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ نوازشریف اس سطح کا لیڈر ہی نہیں کہ قوم اس کیلئے پورے ملک سے باہر نکلے ،نوازشریف کس حال میں پاکستان آئے گا یہ تو اللہ کی ذات کو معلوم ہے ، عمران خان کی حکومت ٹھوک کر پانچ سال پورے کرے گی ،عمران خان ہر ہفتے پرائس کنٹرول چیک کرتے ہیں،وزیراعظم غریب کا کچن ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں ہے

، پاکستانی ایک خوددار قوم ہیں۔بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑا رشتہ مفاد ہے کوئی نیوٹرل نہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم گھبرا گئی تھی ، پٹھان چالیس سال سے افغانستان میں لڑتے رہے ہیں ، وقت لگے گا دنیا صبر رکھے سب کچھ بہتر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی بڑی قیمت چکائی ہے ، پاکستان کا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ کرکٹ نہیں معیشت ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں کوئی تنہا نہیں کرسکتا،پاکستان دنیا میں کسی کا پارٹنر نہیں بننا چاہتا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بزدار حکومت نے ابھی تک میرا نالہ لئی والا کام نہیں کیا جس پر بزدار حکومت سے دما دم مست قلندر ہوسکتا ہے ۔انہوں نے

کہا کہ میں عثمان بزدار کو ہٹانے کی بات کیوں کروں ، جب تک عمران خان بزدار کے ساتھ ہے میں بھی بزدار کے ساتھ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف ایک بدنصیب انسان ہے جو لوٹی ہوئی دولت کو بھی مزے سے نہیں کھا سکتا، نوازشریف اس لیول کا لیڈر ہی نہیں کہ قوم اس کیلئے پورے ملک سے باہر نکلے ،نوازشریف کس حال میں پاکستان آئے گا یہ تو اللہ کی ذات کو معلوم ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نوازشریف کو اس طرح آتے نہیں دیکھ رہا جس طرح آپ دیکھ رہے ہیں ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں ہے ، پاکستانی ایک خوددار قوم ہیں ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی حکومت ٹھوک کر پانچ سال پورے کرے گی ،عمران خان ہر ہفتے پرائس کنٹرول چیک کرتے ہیں،وزیراعظم غریب کا کچن ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔میڈیا بل کے حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ابھی بل نہیں آرہا ،فواد چوہدری صحافیوں سے مشاورت کے بعد کچھ نہ کچھ درمیانی راستہ نکال لیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ایک عوامی لیڈر ہوں میرا تو مسئلہ ہی دال ،چینی آٹا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر جب بطور محکمہ ریلوے میں بیوروکریٹ تھے تو بہت اچھا کام کر رہے تھے ، میں ایک درویش صفت انسان ہوں ، میرا کبھی کسی بیوروکریٹ سے لڑائی جھگڑا نہیں ہوا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close