پاکستان عالمی امن و استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے، پاکستان عالمی امن و استحکام کے لئے بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے، اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی خدمات اس امر کا عملی نمونہ ہے، اقوام متحدہ کا رکن ہونے کے باوجود ہندوستان کے ظلم، بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو دوہرا معیار ختم کرنا ہوگا، افغانستان میں امن کے لئے پاکستان

کی مخلصانہ کوششوں کو عالمی برادری سراہا رہی ہے۔ پیر کو عالمی یوم امن پر اپنے پیغام میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عالمی امن و استحکام کے لئے اب تک پاک فوج کے 161جوان شہید ہوچکے ہیں،پاکستان کی 22 کروڑ عوام عالمی امن کے قیام کے لئے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ہندوستان کی قابض فورسس کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور مظالم کسی کو نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان ہی پرامن پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کو بھی سلام پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے دائمی امن و استحکام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنی دھرتی بلکہ عالمی امن کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close