لاہور(پی این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایون فیلڈ کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے آٹھ ملین پاؤنڈ جرمانے کی رقم کی وصولی کیلئے کارروائی شروع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) کو سابق وزیر اعظم کی جائیدادیں فروخت کرنے کیلئے مراسلےارسال کر دیے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کو 2018 میں 10 سال قید اور آٹھ ملین پاونڈ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ سزا کے خلاف نواز شریف نے اپیل دائر کی لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل مسترد کی جبکہ سپریم کورٹ میں اپیل نہ کرنے کی وجہ سے نواز شریف کو دی گئی سزا حتمی تصور ہوگی۔نواز شریف نے جرمانے کی رقم تاحال جمع نہیں کرائی، اس لئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے جائیدادیں فروخت کی جائیں اور جرمانے کی رقم وصول کی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں