اب کسی سلیکٹڈ کو تسلیم نہیں کریں گے، اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کا ہوگا

سیالکوٹ (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب کسی سلیکٹڈ کو تسلیم نہیں کریں گے، اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، پی ٹی آئی کی جنم بھومی کے علاقوں کنٹونمنٹ بورڈ میں سیاسی موت ہوگئی، مہنگائی کرکے عمران خان نے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا،جادو ٹونا کی بات پراعتراض کیا جاتا ہے۔

انہوں نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے ارکان اوررہنماء نوازشریف کے شاہین ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں کامیابی کوئی معمولی معرکہ نہیں، کنٹونمنٹ بورڈز وہ علاقے ہیں جہاں پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا، اسی جنم بھومی میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوگئی، الیکشن میں کوئی مداخلت نہیں ہوئی تو مسلم لیگ ن نے سیٹیں جیتیں، عوام کی اکثریت نے ن لیگ کو ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ن لیگ کے منصوبوں کی تختیاں نکال کر اپنی لگا دیتے ہیں، چینی 110 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے، 3 سال میں اربوں روپے کی چینی درآمد کی گئی ہے، اس ڈاکہ زنی میں ملکی زرمبادلہ ضائع کیا گیا، مہنگائی نے کمر توڑ دی ،عوام کا حکومت سے دل بھر گیا، جادو ٹونا کی بات کروں تو اعتراض کیا جاتا ہے، مہنگائی سے لوگ تنگ ہیں،عوام پھر کیوں نہ نواز شریف کی حکومت کو یاد کریں، ن لیگ ملک کے تمام مسائل حل کرے گی، پی ٹی آئی کے ہاتھوں ملکی معیشت کی بربادی ہورہی ہے، خواجہ آصف کو جیل میں سردی میں زمین پر سلایا گیا، ن لیگ کے دور میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے جاتے تھے، آج کورونا کے دوران اسی لیپ ٹاپ سے بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا گیا، آج 50 ہزارافراد بےروزگار ہوگئے، ایک وقت کی روٹی پوری نہیں ہورہی، ان کی کرپشن اور مہنگائی کےخلاف جنگ کرنا ہوگی، عمران خان بلے باز ہیں تو میدان میں کھلاڑیوں کو تربیت دیں، عمران خان کہتے ہیں میں دیانتدار وزیراعظم ہوں، عمران خان جائیں لوگوں سے پوچھ لیں، لوگ کیا رائے رکھتے ہیں، کہتے تھے ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہوجائے تو وزیراعظم چور ہے، عمران خان نے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا، کرپٹ حکومت کےخلاف ہمیں جنگ لڑنی ہو گی، عمران خان دن رات ریاست مدینہ کا ذکر کرتے ہیں مگرعمل نہیں کرتے۔شہبازشریف نے کہا کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، شفاف انتخابات کرانا ہوں گے،اس بار جھرلو نہیں چلےگا، اس بارکسی سلیکٹڈ کو تسلیم نہیں کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close