لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی رہنما میاں جاوید لطیف کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ۔پارٹی قائد محمد نوازشریف کی ہدایت پر جاوید لطیف کو شوکاز نوٹس جاری کیاگیا۔ جاوید لطیف کو جاری کردہ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 14 ستمبر کو نجی ٹی وی پروگرام میں آپ نے جو باتیں کیں، وہ پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی ہے،آپ نے بعض بے بنیاد الزامات لگائے جو پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی
ہے، جمہوری روایات کی امین پاکستان مسلم لیگ (ن)نے جمہوری اصولوں کے لئے کلیدی کرداراداکیا ہے،قائد محمد نوازشریف دہائیوں سے شانے سے شانہ ملا کر چلنے والے اپنے ساتھیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔شوکاز نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ غیرجمہوری قوتوں کی تمام سازشوں کے باوجود پارٹی متحد ہے،کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں کامیابی پارٹی کے اتحاد اور عوامی حمایت و مقبولیت کا واضح ثبوت ہے،ارکان کو اپنی رائے کے زیادہ سے زیادہ اظہار کا موقع دینا پارٹی کی حقیقی جمہوری روح اور شاندار روایت رہی ہے،عوامی رائے اور ٹی وی پر اظہار خیال کرتے ہوئے لب ولہجہ کا خیال رکھنا پارٹی نظم وضبط کا ضروری تقاضا ہے،پارٹی ضابطہ اخلاق اور نظم وضبط کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے،7دن میں جواب دیں کہ پارٹی نظم وضبط
کی خلاف ورزی پر آپ کے خلاف تادیبی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں