پاکستان پر افغانستان کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی دبا ونہیں ، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آ باد(آئی این پی ) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان پر افغانستان کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی دبا ونہیں ، پاکستان کسی بھی دبا ومیں آئے بغیر اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کیلئے عالمی برادری پر زور دیا ہے، انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے،، جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، بھارت

کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں عوام کا محاصرہ جاری ہے ، بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی میڈیا رپورٹ کرچکا ہے، عالمی رہنماوں نے بھی اس پر آواز اٹھائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر افغانستان کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی دبا ونہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی دبا ومیں آئے بغیر اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، پاکستان نے افغان عمل میں سہولت کاری کی ہے ، پاکستان امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ کے بیان پر حیران بھی ہے اور مایوس بھی ہوا ہے ، پاکستان افغان تنازعے کے سیاسی حل کا خواہاں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان

تاجک صدر کی دعوت پر تاجکستان کے دورے پر ہیں ، وزیر اعظم کا وسطی ایشیائی ریاستوں کا تیسرا دورہ ہے، وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ہونگے، وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا اور کاروباری شخصیات بھی موجود ہیں، کاروباری افراد پاک تاجک بزنس فورم میں شریک ہونگے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں عوام کا محاصرہ جاری ہے ، بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی میڈیا رپورٹ کرچکا ہے، عالمی رہنماوں نے بھی اس پر آواز اٹھائی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5 اگست 2019 کے بعد تین دفعہ مسئلہ کشمیر پر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور او آئی سی نے بھی جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائی، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے بھی اس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، بھارت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے وہ کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو دبا نہیں سکتا، 12 ستمبر کو عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ڈوزیئر فراہم کیے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سوچ بچار کرنی ہوگی ، کشمیری حق خودارادیت کی جدوجہد کررہے ہیں ، بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، بھارتی میڈیا کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں۔عاصم افتخار نے کہا کہ ای یو ڈس انفو لیب نے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھا دیا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کے مسئلے سے توجہ ہٹانے کیلئے بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، بھارت جعلی فلیگ آپریشن اور جعلی مقابلوں سے اپنی خفت مٹا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کیلئے عالمی برادری پر زور دیا ہے، انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے، وزیر اعظم عمران خان سے روسی صدر نے رواں ہفتے رابطہ کیا، وزیر خارجہ نے بھی مختلف ممالک کے ہم منصب سے افغانستان کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت میں ایٹمی مواد کی غیر قانونی فروخت کا معاملہ بھارتی میڈیا میں اٹھایا گیا، پاکستان نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، اس معاملے کو پاکستان متعلقہ فورمز پر اٹھائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close