حکومت نے غیر حاضر رہنے والے طلبا کو امتحانات میں پاس نہ کرنے کا فیصلہ سنا دیا

لاہور(پی این آئی)حکومت کی جانب سے امتحانات میں میٹرک اور انٹر کے طلبا کو پاس کرنے کا معاملہ، امتحانات میں غیر حاضر طلبا کو پاس کرنے کے حوالے سے وضاحت پیش کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے امتحانات میں غیر حاضر طلبا کو پاس نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا جن طلبا نے امتحانات میں شرکت کی ، ان کو پاس کیا جائے گا۔

چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے طلبا کو پاس کرنے کے حکومتی فیصلے کے بعد واضح کیا ہے کہ امتحانات میں غیر حاضر طلبا کو پاس نہیں کیاجائے گا ، جو طلبا امتحانات میں شرکت کریں گے ، صرف ان کو ہی پاس کیا جائے گا۔یاد رہے کہ چند روز قبل حکومت نے دسویں اور بارہویں کلاس کے تمام طلباء کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔فیل ہونے والے طلباء کو33 فیصد نمبرز دے کرپاس کردیا جائے گا، کورونا صورتحال کے باعث دوبارہ فوری امتحانات ممکن نہیں۔گزشتہ دنوں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی تھی، جس میں دسویں اور بارہویں کلاس کے تمام طلباء کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال فیل ہونے والے طلباء کو33 فیصد نمبرز دے کرپاس کردیا جائے گا، کورونا صورتحال کے باعث دوبارہ فوری امتحانات ممکن نہیں، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سال میں دو بار ہوں گے،امتحانات کو سپلیمنٹری امتحانات کا نام نہیں دیا جائے گا،آئندہ سال میٹرک کے امتحانات مئی جون میں ہوں گے ،آئندہ سال نیا سیشن اگست سے شروع ہوگا۔واضح رہے 09 ستمبر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی) نے کورونا پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت 24 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کیلئے پندرہ ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، توسیع کا فیصلہ کورونا کی صورتحال اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ کے باعث کیا گیا تھا، اس سے قبل 29 اگست کو کورونا پابندیوں کا دائرہ 13 اضلاع سے بڑھا کر 27 اضلاع تک کیا گیا تھا اور پابندیوں کا اطلاق 4 سے 12 ستمبر تک کیا گیا تھا۔اب ملک بھر کے 24 اضلاع میں کورونا پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسلام آباد، پنجاب کے 11اضلاع، خیبرپختونخواہ کے 9، سندھ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دو، دواضلاع شامل ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماع پر پابندی برقرار رہے گی، تمام ان ڈور جیمز پر پابندی برقرار رہے گی، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔ 15ستمبر کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close