وزیراعظم عمران خان کے اکنامک وژن کے تحت سی پیک کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے منسلک کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

دوشنبے(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اکنامک وژن کے تحت ہم سی پیک کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے منسلک کرنا چاہتے ہیں، افغانستان کے معاملہ سے پہلے بھی ہم وسطی ایشیائی ریاستوں پر اس بارے میں زور دیتے رہے ہیں۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ ٹرانس مزار شریف ٹرین اور روڈ نیٹ ورک منصوبے کے تحت ہم گوادر اور

کراچی کو مزار شریف کے راستے پہلے تاشقند اور اس کے بعد دوشنبے اور قازقستان سے ملانا چاہتے ہیں۔ تمام وسطی ایشیائی ریاستیں اس منصوبہ کے تحت ٹرین اور سڑک سے منسلک ہو جائیں گی اور پورا منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ افغانستان میں صورتحال بہتر ہوگی، قازقستان کے صدر کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات میں بھی افغانستان کی صورتحال پر بات ہوئی، انہوں نے کہا کہ دنیا افغانستان میں طالبان حکام کے ساتھ ایگریمنٹ کر کے چلتی ہے تو اس میں افغانستان اور دنیا کا فائدہ ہوگا، اگر ہم نے افغانستان کو موجودہ صورتحال میں راستے میں چھوڑ دیا تو اس سے مسائل پیدا ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close