جمائمہ خان کو پاکستانی رکشے کی ضرورت پڑ گئی، پاکستانیوں سے مدد مانگ لی

لندن (پی این آئی) برطانوی پروڈیوسر اور عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی فلم کے لیے پاکستانیوں سے مدد طلب کرلی۔انہوں نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لندن میں فلم کیلئے پاکستانی سٹائل کے رکشے کی ضرورت ہے۔

جمائما نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اگلے ہفتے منگل اور جمعے کو فلم کی شُوٹنگ کے دوران پاکستانی سٹائل کے رکشے کی ضرورت ہوگی۔جمائما نے لکھا کہ اگر کوئی اس تناظر میں ان کی مدد کردے، کسی کی اگر کسی ایسے شخص سے جان پہچان ہو تو وہ انہیں بتائے۔جواب میں ایک پاکستانی صارف احتشام الحق نے ان کے مطلوبہ رکشے سے متعلق معلومات دیں جس کے جواب میں جمائما نے ان سے رابطے کیلئے کہا۔احتشام الحق نے اپنا ای میل ایڈریس دیتے ہوئے واٹس ایپ نمبر سرِعام دینے سے معذرت کی، جمائما نے ای میل ایڈریس پر ہی شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ جمائما نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کی شُوٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔فلم کی کہانی کا موضوع متوقع طور پر محبت اور شادی سے متعلق ہوگا جو لندن اور جنوبی ایشیا کے مابین ہوگا۔ایک رپورٹ کے مطابق فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل بھی مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گی۔اس فلم کی سکرپٹ رائٹر اور پروڈیوسر جمائما خان ہیں اور وہ اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے اسے بنائیں گی جبکہ اس پراجیکٹ کے ساتھ بالی ووڈ ڈائریکٹر شیکھر کپور کی انڈسٹری میں واپسی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close