اسلام آباد (پی این آئی )وفاقی وزارت داخلہ نے ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کو ایمنسٹی دینے کا فیصلہ کرلیا، ایمنسٹی کے تحت ایک سے زائد پاسپورٹ منسوخ کرانے کیلئے 90 روز کی مہلت ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی صدارت میں ایمنسٹی فیصلے سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور ڈی جی پاسپورٹ ڈاکٹر نعیم رف شریک ہوئے، اجلاس میں دہرے پاسپورٹ درخواستوں اور زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کو اضافی پاسپورٹ منسوخ کرانے کیلئے ایمنسٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ایمنسٹی سکیم کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کر لئے گئے، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ وزارت داخلہ کو دہرے پاسپورٹ کی 1629 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جو پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے التوا کا شکار ہیں۔ ایمنسٹی کے حوالے سے حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔وزیرداخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو سمری تیار کرنے کی ہدایت کی۔وزارت داخلہ نے کہا کہ درخواست گزاروں کو صرف ایک پاسپورٹ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ اجلاس میں وزیرداخلہ کو بتایا گیا کہ ایک سے زائد پاسپورٹ منسوخ کرانے کیلئے 90 روز کی مہلت دی جائے گی۔ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے کیسز ایف آئی اے کو بھیجے جائیں گے۔وزارت داخلہ کے مطابق موجودہ قانون میں ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کی سزا کم از کم تین سال کی جیل ہے،ایمنسٹی سکیم سے ایک سے زائد ناموں والے پاسپورٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا، ماضی میں چھ ایمنسٹی سکیموں کے ذریعے 12 ہزار پاسپورٹ کی کلیرنس کی جا چکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں